مودی اور راہول گاندھیکی انتخابی مہم میں کالے دھن کا استعمال

وارناسی۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کنوینر اروند کجریوال نے بی جے پی اور کانگریس پر انتخابی مہم کے دوران بڑے پیمانے پر کالا دھن استعمال کرنے کا الزام عائد کیا۔ سابق چیف منسٹر دہلی نے آج وارناسی میں روڈ شو کے بعد اسی لوک سبھا حلقہ سے پرچہ نامزدگی داخل کی۔ روڈ شو شروع ہونے سے قبل کجریوال نے مالدھیا چوراہا پر سردار پٹیل اور لاہوربیر چوراہا پر چندر شیکھر آزاد کے مجسمہ کی گلپوشی کی۔ انہوں نے امن کی علامت ’’کبوتر‘‘ بھی فضاء میں چھوڑے۔ اس موقع پر اروند کجریوال نے نریندر مودی اور راہول گاندھی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ پتہ چلا ہے کہ مودی نے 5 ہزار کروڑ روپئے اور راہول گاندھی نے 10 ہزار کروڑ روپئے کی رقم انتخابی مہم میں خرچ کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کالا دھن ہے اور جو لوگ انتخابی مہم میں اس قدر کثیر رقم کی سرمایہ کاری کررہے ہیں، وہ انتخابات کے بعد عام آدمی کی جیب سے 5 لاکھ کروڑ روپئے کی رقم حاصل کریں گے۔ اس نوعیت کی جمہوریت کو بدلنا چاہئے۔ ہمیں اصلی عوام کی جمہوریت لانا ہوگا۔ انہوں نے ان کی جیب میں 500 روپئے ہیں، وہ ایک غریب آدمی ہیں اور خرچ کرنے کے لئے ان کے پاس کچھ نہیں، وہ صرف آپ کی مدد سے انتخابی مقابلہ کررہے ہیں۔ کجریوال نے راہول گاندھی اور مودی پر ہیلی کاپٹر جمہوریت کے فروغ کا بھی الزام عائد کیا۔ امیتھی میں لوگ کہتے ہیں کہ راہول گاندھی پانچ سال میں ایک

مرتبہ اپنے حلقے میں ہیلی کاپٹر کے ذریعہ آتے ہیں، نریندر مودی کل (جمعرات) کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے ہیں اور وہ بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ یہاں پہونچیں گے۔ کجریوال نے کہا کہ ان کی لڑائی کرپشن کے خلاف ہے اور انہیں عوامی تائید حاصل ہورہی ہے۔ لوک سبھا کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرتے وقت روڈ شو کے دوران عام آدمی پارٹی لیڈر نے مودی اور راہول کی اشتہارات پر مبنی انتخابی مہم اور بھاری مصارف پر بھی شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی، اخبارات، بل بورڈس جہاں بھی نظر ڈالئے ان کے اشتہارات نظر آرہے ہیں۔ اس کے برعکس وہ ایک فقیر ہیں اور ان کے پاس کوئی رقم نہیں ہے۔ ان کی مہم عوام کی دولت سے چلائی جارہی ہے۔