مودی اور دیگر قائدین عمران خان تقریب حلف برداری میں مدعو

دفتر خارجہ کو امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایات ، عمران ۔ مودی ٹیلیفونی بات چیت کا حوالہ
اسلام آباد۔ یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک اعلیٰ سطحی قائد نے کہا کہ ان کی پارٹی نے دفتر خارجہ کو ہدایت دی ہے کہ سربراہان مملکت بشمول وزیراعظم ہند نریندر مودی کو عمران خان کی بحیثیت وزیراعظم پاکستان تقریب حلف برداری میں مدعو کرنے کا امکان ہے۔ اخباری اطلاعات کے بموجب تحریک کے ترجمان فواد چودہدری نے کہا کہ بالی ووڈ اداکار عامر خان، کرکٹ کھلاڑی کپل دیو اور سنیل گواسکر کو پہلے ہی پارٹی کی جانب سے اس تقریب میں شرکت کی دعوت دی جاچکی ہے۔ پارٹی کی سینئر قائد شیرین مزاری اور شفقت محمد نے وزیر خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کرتے ہوئے جاننا چاہا کہ اگر غیرملکی قائدین کو تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی جائے تو اس کا امکان روشن ہے، کیونکہ تقریب حلف برداری کیلئے بہت کم دن باقی ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحریک کے قائدین نے سارک قائدین کو مدعو کرنے کیلئے پہلے ہی سے دورہ شروع کردیئے ہیں۔ مدعوین میں وزیراعظم مودی کے علاوہ چین اور ترکی کے قائدین بھی شامل ہوں گے۔ تحریک کے قائدین نے دفتر خارجہ سے تجاویز طلب کی ہیں کہ غیرملکی قائدین کو تقریب حلف برداری میں مدعو کرنا کوئی حساس معاملہ ہوگا۔ تحریک کے ترجمان چودہدری نے کہا کہ پارٹی کو دفتر خارجہ کے جواب کا انتظار ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کے دن ٹیلی فون کرکے عمران خان کو ان کی پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد دی تھی اور اُمید ظاہر کی تھی کہ پاکستان اور ہندوستان باہمی تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز کریں گے۔ عمران خان نے مودی سے ان کی نیک خواہشات کا شکریہ ادا کیا تھا اور پرزور انداز میں کہا تھا کہ تمام تنازعات کی بات چیت کے ذریعہ یکسوئی ممکن ہے۔