نئی دہلی ۔ 3 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امیت شاہ کا یہ فیصلہ تھا کہ دہلی میں تشکیل حکومت کے امکان کو مسترد کردیا جائے اور پارٹی ریاستی صدر ستیش اُپادھیائے سے کہا گیا کہ وہ اس فیصلے سے لیفٹننٹ گورنر کو واقف کروادیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی اعلیٰ قیادت نے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا جب کہ یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ بی جے پی چند آزاد ارکان کی تائید حاصل کرتے ہوئے حکومت تشکیل دے سکتی ہے ۔ بی جے پی کی مہاراشٹرا اور ہریانہ میں حالیہ کامیابی کے پیش نظر پارٹی قیادت کا یہ احساس ہے کہ دہلی میں بھی تازہ عوامی خط اعتماد حاصل کیا جائے کیونکہ پارٹی صاف ستھری سیاست پر یقین رکھتی ہے اور وہ سودے بازی و اوچھی حرکتوںمیں ملوث ہونا نہیں چاہتی ۔