یروشلم 18 مئی ( سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان کے نامزد وزیر اعظم نریندر مودی نے اسرائیل کے ساتھ ’’گہرے اور مستحکم ‘‘روابط استوار کرنے کی توقع کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو نے آج یہ بات بتائی ۔ انہوں نے ہفتہ واری کابینہ اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ انہوں نے جمعہ کو ہندوستان کے منتخبہ وزیر اعظم سے بات کی ہے ۔ نریندر مودی نے ان سے اسرائیل کے ساتھ گہرے معاشی روابط کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔
اسرائیل جنوبی ایشیاء میں ہندوستان کو اپنا ایک اہم حلیف تصور کرتا ہے چنانچہ نتن یاہو نے انتخابی نتیجہ سامنے آتے ہی مودی سے ربط قائم کرنے میں تاخیر نہیں کی۔ وہ ایشیاء کے ساتھ معاشی مستحکم تعلقات کے خواہاں ہیں اور امکان ہے کہ اسرائیل برآمدات کے معاملہ میں بہت جلد امریکہ کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا ۔اسرائیل کے وزیر اعظم ایریل شارون نے 2003 میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا اور بی جے پی کے سرکردہ لیڈرس ایل کے اڈوانی و جسونت سنگھ سے ملاقات کی تھی ۔اسرائیل نے کارگل جنگ میں بھی ہندوستان کی مدد کی جس کے بعد دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون میں کافی اضافہ ہوا ۔