مودی آمریت پسند شخص

حیدرآباد۔/27مئی، ( سیاست نیوز)سینئر کانگریس قائد و سابق مرکزی وزیر مسٹر ایس جئے پال ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نریندر مودی میں معلومات کا فقدان پایا جاتا ہے اور آمریت بہت زیادہ پائی جاتی ہے۔آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی میں اڈوانی کو ’’ ممی ‘‘ کی حیثیت سے اور سشما سوراج کو ’’ ڈمی ‘‘ کی حیثیت سے تبدیل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مودی حکومت پر رکیک ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ سشما سوراج کو سیاسی اعتبار سے ملک بدر کردیا گیا ہے۔ مسٹر جئے پال ریڈی نے نریندر مودی کا مضحکہ اُڑاتے ہوئے کہا کہ بہار میں تکشا شیلا، نالندہ کی موجودگی کے تعلق سے نریندر مودی کو تاریخ ہی نہیں بلکہ جغرافیہ سے بھی واقفیت نہیں ۔ غیر مقیم ہندوستانیوں کی جانب سے مودی کے خیرمقدم کا تذکرہ کرتے ہوئے سینئر قائد کانگریس پارٹی نے کہا کہ آئی آئی ٹی کی نالج نہ رکھنے والے نریندر مودی کا غیر مقیم ہندوستانیوں کی جانب سے والہانہ خیرمقدم کیا جارہا ہے۔مسٹر جئے پال ریڈی نے نریندر مودی کی زیر قیادت مرکزی حکومت اور مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے زبانی وعدوں اور دیئے جانے والے زبانی تیقنات پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ مسٹر نریندر مودی اور کے چندر شیکھر راؤ کو زبانی اعلانات کرنے میں جوڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حصول اراضی بل پر کورٹ میں نریندر مودی حکومت کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔