نیویارک 20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اُن 50 عالمی قائدین، شعبۂ تجارت کی بڑی شخصیات اور پاپ گلوکاروں کی فہرست میں شامل ہیں، جن میں سے ٹائم میگزین کے سالانہ ’’پرسن آف دی ایئر‘‘ کا انتخاب کیا جائے گا۔ 2014 ء کے لئے پرسن آف دی ایئر کا اعلان آئندہ ماہ ہوگا۔ رسالہ نے کہاکہ اعزاز اُن افراد کو عطا کیا جائے گا، جن کے اچھے یا بُرے کارنامے عوام کو متاثر کرتے ہوں اور خبروں میں چھائے رہے ہوں۔ مودی کو ماضی کا ’’متنازعہ علاقائی قائد‘‘ قرار دیتے ہوئے ٹائم میگزین نے کہاکہ وہ شاندار انتخابی کامیابی کے بعد ہندوستان کے وزیراعظم بن گئے ہیں اور قارئین سے خواہش کی کہ وہ 50 امیدواروں کی فہرست میں سے اپنی پسندیدہ شخصیت کی تائید میں رائے دیں، جس کا اعلان آئندہ ماہ قارئین کی پسند کالم میں کیا جائے گا۔ بعدازاں ایڈیٹرس اعزاز کے مستحق شخص کا انتخاب کریں گے۔ تاحال مودی کو جملہ ووٹس کا 3.8 فیصد حاصل ہوچکے ہیں۔ یہ چوتھا مقام ہے۔ پہلے تین مقامات پر صدر روس ولادیمیر پوٹین، پاکستانی نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی اور ایبولا کے ڈاکٹرس اور نرسیس ہیں۔