مودی ، داؤد ابراہیم کو ہندوستان گھسیٹ لائیں گے؟

نئی دہلی۔ 12 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کو شدت سے مطلوب انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم اور چھوٹا شکیل کو دہلی کی پٹیالہ ہاؤز کورٹ نے سمن جاری کیا ہے۔ ممبئی کے ایک قومی اخبار میں شائع خبر کے مطابق داؤد ابراہیم کسکر اور شیخ شکیل عرف چھوٹا شکیل کی 16 اگست سے قبل مقامی عدالت میں موجودگی ضروری ہے۔ مودی حکومت، داؤد ابراہیم کو ہندوستان گھسیٹ لانے کا تہیہ کرچکی ہے۔ ممبئی کے 1993ء بم دھماکے کیس، انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)، میچ فکسنگ کیس میں جاری کردہ یہ سمن قابل اطلاق ہے۔ سرکاری اعلامیہ کئی روزناموں میں شائع ہوا ہے۔ ملزمین کی شخصی حاضری کو یقینی بنایا جارہا ہے اور پٹیالہ ہاؤز کورٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹسوں میں بتایا گیا ہے کہ داؤد ابراہیم اور چھوٹا شکیل کو 16 اگست 2014ء یا اس سے قبل حاضر عدالت ہونا ہے۔ یہ اعلان تعزیراتِ ہند کی دفعہ 82/83 کے تحت جاری کیا گیا ہے اور دونوں کو ہندوستان میں انڈر ورلڈ گیانگسٹرس قرار دیتے ہوئے شدت سے مطلوب بتایا گیا ہے جو ایف آئی آر نمبر 20/2103 مورخہ 9 مئی 2013ء میں مفرور بتایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ داؤد ابراہیم کا سابق رہائشی پتہ ڈونگری (ممبئی) ہے۔ وہ ہندوستانی سکیورٹی ایجنسیوں کو کئی کیسوں میں مطلوب ہے۔ داؤد ابراہیم کے ساتھی بھی ممبئی بم دھماکوں کیس میں مطلوب ہے۔ ان کے خلاف انٹر پول ریڈ کارنر نوٹس ہنوز زیرالتواء ہے۔ پاکستان نے داؤد ابراہیم کی موجودگی کی یکسر تردید کی ہے۔ امریکہ کے مطابق داؤد ابراہیم کا دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے قریبی رابطہ ہے۔ ہندوستان میں مودی حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد دہشت گردوں کا عرصۂ حیات تنگ کرنے کا عمل شروع ہوچکا ہے ، تاہم یہ اشتہار کئی اخبارات میں داؤد ابراہیم اور چھوٹا شکیل کی تصاویر کے ساتھ شائع کیا گیا ہے، اس کے پیچھے غیرمعمولی کارروائی کارفرما ہے ۔ خاص کر اس وقت جبکہ مودی حکومت نے جائزہ لینے کے بعد سابق ڈائریکٹر انٹلیجنس بیورو اجیت ڈوَل کو قومی سلامتی مشیر برائے وزیراعظم نریندر مودی مقرر کیا ہے۔