مودی، مجھ سے خوفزدہ ہیں: راہول

جب بھی وزیراعظم کو ڈر لگتا ہے مجھ پر شخصی حملے کرتے ہیں جو اُن کے عہدہ کے شایان شان نہیں

اوراد (کرناٹک) 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی پر پلٹ کر تنقید کرتے ہوئے صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہاکہ مودی مجھ سے خوفزدہ ہیں اس لئے ان پر ’’شخصی حملے‘‘ کررہے ہیں۔ وہ ایسی اوچھی حرکتیں کررہے ہیں جو اُن کے عہدہ کے شایان شان نہیں ہے۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لئے مہم چلاتے ہوئے ایک جلسہ عام سے خطاب کے دوران راہول گاندھی نے کہاکہ مودی میری جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب نہیں دے رہے ہیں جیسا کہ میں نے ان سے سوال کیا تھا کہ متنازعہ رافیل لڑاکا جیٹ طیاروں کے معاہدہ اور مفرور ہیروں کے تاجر نیرو مودی کے بارے میں جواب دینے کے بجائے وہ شخصی حملے کررہے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہاکہ مودی جب کبھی خائف ہوتے ہیں تو وہ اِدھر اُدھر بغلیں جھانکنے لگتے ہیں۔ مَیں مودی کے کردار کے بارے میں یہ بتاؤں گا کہ وہ ایک شخص پر ذاتی حملے کرتے ہیں اس شخص کی بُرائی کرتے ہیں اور بُرا بھلا کہتے رہتے ہیں کیا ایک شخص کے بارے میں بات کرنا غلط نہیں ہے۔ مجھ میں اور ان میں یہی فرق پایا جاتا ہے۔ کرناٹک میں راہول گاندھی کی ریالیوں پر مودی کی جانب سے کی جانے والی تنقیدوں پر راہول نے کہاکہ انھیں میرے بارے میں جو چاہے بولنے دیجئے چاہے وہ غلط ہوں یا صحیح مجھے کچھ فرق نہیں پڑے گا۔ وہ ہندوستان کے وزیراعظم ہیں اور میں ان کے خلاف ذاتی فقرے نہیں کسوں گا اور نہ ہی شخصی حملے کروں گا۔ میں ہندوستان سے ہوں اور وہ ہندوستان کے وزیراعظم ہیں۔ دونوں قائدین 12 مئی کو اسمبلی انتخابات کے لئے ہونے والی رائے دہی کے لئے انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ راہول گاندھی نے مودی پر یہ بھی تنقید کی کہ بی جے پی ان انتخابات میں متنازعہ مائننگ تاجر ریڈی برادرس کو ٹکٹ دی ہے۔ فلم ’شعلے‘ میں ایک کردار گبر سنگھ تھا، آپ نے گبر سنگھ ٹیکس لایا ہے جس کو جی ایس ٹی (GST) کہتے ہیں۔ اس مرتبہ آپ نے ایک قدم آگے بڑھ کر گبر سنگھ گیانگ کو انتخابی میدان میں اُتارا ہے۔ کرناٹک میں گبر، سامبھا، کالیا سب ہیں، ان تمام کو ریڈی برادرس گیانگ کہا جاتا ہے جو جیل میں تھا اب ان کو اسمبلی میں پہونچانے کی کوشش کررہے ہیں۔