موجودہ سیاسی صورتحال کیلئے کانگریس ذمہ دار

چینائی 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )تلگودیشم پارٹی قائد چندرا بابو نائیڈو نے آج چیف منسٹر ٹامل ناڈو جے جئے للیتا سے آندھرا پردیش کی تقسیم کے فیصلہ پر ملاقات کرتے ہوئے ان سے خواہش کی کہ اس مسئلہ کی خوشگوار یکسوئی کیلئے اپنے ’’اثر و رسوخ‘‘ کا استعمال کریں۔ کیونکہ کانگریس اس مسئلہ پر ’’گندی سیاست‘‘ کا کھیل کھیل رہی ہے۔ پوئیس گارڈن میں جئے للیتا کی قیامگاہ پر آدھے گھنٹے سے زیادہ ملاقات کے بعد انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم کا موقف ابتداء ہی سے واضح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں علاقوں کے ساتھ انصاف کرنا ہوگا۔ اس مسئلہ پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا اس کے بعد ہی تقسیم ممکن ہوسکے گی۔انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کی تقسیم کا مسئلہ اب قومی بحران میں تبدیل ہوگیا ہے۔

کانگریس گندی سیاست کررہی ہے اور وہی اس کی ذمہ دار ہے۔ فی الحال صدر جمہوریہ ہند کو چاہئے کہ دونوں علاقوں کے قائدین سے بات چیت کریں انہیں مل جل کر تبادلہ خیال اور مباحثہ کے ذریعہ اس مسئلہ کی خوشگوار یکسوئی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے پیش نظر یہ مسئلہ اٹھایا جارہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس ووٹوں کیلئے آندھرا پردیش کو تقسیم کررہی ہے۔ پورا ملک کانگریس کے عزائم سے واقف ہے۔ اسے اس کی بھاری قیمت چکانی ہوگی ۔ انہوں نے تیسرے محاذ کے بارے میں کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال ان کی توجہ تلنگانہ مسئلہ پر مرکوز ہے ۔