سری نگر 27ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے کہا کہ جب تک مرکزی حکومت دفعہ35اے پر اپنا مؤقف سامنے نہیں رکھے گی تب تک نیشنل کانفرنس بلدیاتی یا پنچایتی الیکشن میں حصہ نہیں لے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال، جہاں ریاست کی خصوصی پوزیشن کو ختم کرنے کے لئے نت نئے حربے اپنائے جارہے ہیں، میں الیکشن کا انعقاد کرانا اور ان میں حصہ لینا بے معنی ہے ۔ نیشنل کانفرنس کے نزدیک جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن مقدم ہے اور یہ جماعت ریاست کو حاصل خصوصی مراعات کے دفاع کے لئے کوئی بھی قربانی دینے کے لئے تیار ہے ۔ ان باتوں کا اظہار این سی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے جمعرات کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر پر ضلع سری نگر کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس سے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفے ٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران مبارک گل ، شمیمہ فردوس، محمد سعید آخون، پیر آفاق احمد، عرفان احمد شاہ، سلمان علی ساگر، صبیہ قادری، نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقعے پر بلاک صدور اور دیگر عہدیداران بھی موجو دتھے ۔ ساگر نے اپنے خطاب میں کہا ‘ موجودہ مخدوش صورتحال میں الیکشن کروانا ایک لاحاصل اور بے معنی عمل ہے ۔ آئے روز انکاؤنٹر ، ہلاکتیں، خونین واقعات، کریک ڈاؤن، شبانہ چھاپے ، بے تحاشہ گرفتاریاں، مواصلاتی بریک ڈاؤن، بندشیں اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں جاری ہیں۔