صارفین کے خدشات کے ازالہ کی کوشش ، بیرون سفر روانگی سے قبل خصوصی نمبر کے حصول کی مانگ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی (سیاست نیوز) موبائیل فون جو 20 سال قبل ایک ایسا صوتی آلہ تھا جو کہ محدود دائرہ میں گفتگو کیلئے کارکرد ہوا کرتا تھا لیکن اندرون 20 سال عصری ٹکنالوجی میں اس حد تک ترقی کرلی ہے کہ آپ اپنے موبائیل دنیا بھر میں کسی بھی مقام پر استعمال کرسکتے ہیں۔ رومنگ بالخصوص انٹرنیشنل رومنگ کے متعلق عوام میں خدشات کو دور کرنے مختلف کمپنیوں کی جانب سے کوششیں کی جارہی ہیں اور عوام میں اپنے ذاتی نمبر کو عالمی سفر کے دوران استعمال کرنے کے رجحان میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ ہندوستانی عوام میں اپنے شخصی نمبر کو انٹرنیشنل رومنگ کے دوران استعمال کے رجحان کو دیکھتے ہوئے مختلف موبائیل کمپنیوں کی جانب سے پرکشش پیشکش کی جا رہی ہے اور کئی کمپنیوں کی جانب سے انٹرنیشنل رومنگ اپنے نمبر کے بجائے مقامی نمبر کے استعمال اور ان کمنگ فری کی پیشکش کی جارہی ہے۔ ایرٹیل کی جانب سے انٹرنیشنل رومنگ پر نہ صرف 30 منٹ فری ان کنگ کال کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، بلکہ 999 روپئے کی ادائیگی پر 15 ایم بی انٹرنیٹ ڈاٹا استعمال کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔ 1500 روپئے کے پلان میں آدھا گھنٹہ مفت ان کمنگ کے بعد 60 روپئے فی منٹ ان کمنگ چارج کیا جارہا ہے ۔ ریلائنس کمیونکیشن انٹرنیشنل رومنگ کے 849 کے پلان میں 10 روپئے فی منٹ ان کمنگ اور آؤٹ گوئنگ کال کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔ اسی طرح 849 کے پلان میں انٹرنیٹ ڈاٹا سرویس بھی فراہم کی جارہی ہے ۔ ووڈا فون کی جانب سے 599 کا انٹرنیشنل رومنگ پلان متعارف کیا جارہا ہے جس میں بیرون ملک سے ہندوستان فون کرنے پر 30 روپئے فی منٹ چارج کیا جائے گا ۔ اسی طرح 599 کے پلان میں 3G انٹرنیٹ ڈاٹا سرویس بھی فراہم کی جارہی ہے۔ ٹاٹا ڈوکومو کے 899 کے پلان کے ذریعہ امریکہ سے 20 روپئے میں ان کمنگ اور آؤٹ گوئنگ بات کی جاسکتی ہے ۔ اسی طرح 799 کے بین الاقوامی رومنگ پلان میں 10 ایم بی انٹرنیٹ ڈاٹا مفت استعمال کی سہولت حاصل رہے گی۔ میٹرکس سیلولار جو کہ عموماً صرف بین الاقوامی مسافرین کو ہی موبائیل کارڈ فراہم کرتا ہے تاکہ جس ملک کا سفر کر رہے ہوں ، اس ملک میں ہندوستان سے مفت کال حاصل کرسکے۔ میٹرکس سیلولار کے 3999 کے پلان میں صارفین ہندوستان سے فری ان کمنگ کالس وصول کرسکتے ہیں جبکہ 1000 منٹ تک آؤٹ گوئنگ کال ہندوستان کئے جاسکتے ہیں ۔ علاوہ ازیں 1GB انٹرنیٹ ڈاٹا استعمال کی سہولت میٹرکس سیلولار کی جانب سے فراہم کی جارہی ہے ۔ اس کے علاوہ دیگر پلانس بھی ان کمپنیوں کے پاس موجود ہیں جو کہ بین الاقوامی مسافرین کی سہولت کے اعتبار سے انہیں فراہم کئے جارہے ہیں، جس سے اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ جزوقتی بیرونی سفر کرنے والے مسافرین میں اپنی روانگی سے قبل ہی موبائیل نمبر کے حصول کے رجحان میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔