نئی دہلی ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) موبائیل فونس کی شرحوں میں بھاری اضافہ کا اندیشہ ہے کیونکہ اسپکٹرم کے حالیہ مختتم ہراجات میں ان کمپنیوں نے بھاری بولی لگائی ہے جس کے نتیجہ میں حکومت کو 1,09,874 کروڑ روپئے کی ریکارڈ آمدنی ہوئی ہے۔ ملک کے تمام بڑے ٹیلی کام ادارہ جیسے ایرٹیل ، ریلائنس ، جیوانندلام ، ووڈا فون ، آئیڈیا سیلولر، ایرسیل اور ٹیلی ونگس کی نمائندگی کرنے والے ادارہ کے ڈائرکٹر جنرل راجن ایس میتھیوز نے کہا کہ ’’یہ ہراج دراصل ٹیلی کام آپریٹرس سے زیادہ سے زیادہ رقم حاصل کرنے کے منصوبہ پر مبنی تھا۔ چنانچہ ان اداروں کے مصارف میں بھاری اضافہ ہوگا جس کے نتیجہ میں موبائیل شرحوں میں اضافہ ضروری ہوگیا ہے‘‘۔