فلوریڈا یونیورسٹی میں تحقیق کا آغاز ، سافٹ ویر کی تیاری
حیدرآباد۔28مارچ(سیاست نیوز) 10 تا15سال قبل اگر ذیابیطس کے مریض کو شوگر کا ٹسٹ گھر میں کرنا ہوتا تو اسے کانچ کے ٹیوب میں سیال مادہ اور معمولی آگ درکار ہوتی تھی لیکن گذشتہ 5تا8 برسوں کے دوران ٹیکنالوجی نے جو ترقی کی ہے اس میں اب انگلی پر ایک بوند خون کے ساتھ ایک پٹی اور مشین کے ذریعہ شوگر کا ٹسٹ کیا جانے لگا ہے لیکن اب ٹیکنالوجی کی ترقی کی رفتار اس حد تک تیز ہونے جا رہی ہے کہ آئندہ اب آپ کو خون کے معائنہ کیلئے کسی ڈائیگناسٹک سنٹر یا کسی مشین کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ خون کا معائنہ موبائیل فون کے ذریعہ ہی ممکن ہوجائے گا ۔ موبائیل فون کے ذریعہ خون کا معائنہ کرنے کے سلسلہ میں ساؤتھ فلوریڈا کی یونیورسٹی کے طلبہ کی جانب سے ایسے موبائیل کی تیاری پر تحقیق کی جا رہی ہے جس کے ذریعہ عام شہری اپنے خون کے معائنہ کے سلسلہ میں اس فون کا استعمال کرسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق یونیورسٹی طلبہ نے اس طرح کا فون تیار کرلیا ہے اور یہ فون تجرباتی مراحل سے گذر رہا ہے اور اس فون کے سافٹ وئیر کو قطعیت دیئے جانے کے بعد یہ بازار میں دستیاب ہونے لگے گا۔ موبائیل فون میں بلڈ پریشر اور تنفس کی جانچ کے سافٹ وئیر کے علاوہ صحت و سانس کے صحتمند ہونے کی جانچ کے سافٹ وئیر تیار کئے جا چکے ہیں لیکن اب جبکہ ساؤتھ فلوریڈا میں خون کے معائینوں کا اہل موبائیل فون تیار کرنے میں کامیابی حاصل کر لی گئی ہے تو کہا جا رہاہے کہ آئندہ ایک سال کے دورانیہ موبائیل شہریوں کے ہاتھ میں ہوں گے جو ان کے لئے خون کے معائنہ کے معاملہ میں مکمل ڈائیگناسٹک سنٹر ثابت ہوں گے۔ بتایاجاتاہے کہ اس فون میں خون کے معائنہ کی رپورٹس کی فراہمی کی صلاحیت کے علاوہ رنگوں کے ذریعہ رپورٹ اور بیماریوں کے آثار کے پر مجموعی رپورٹ کی فراہمی کی صلاحیت موجود ہے۔ ماہرین کا کہناہے کہ ڈاکٹر اور ڈائیگناسٹک سنٹر میں جو معائنہ جات کئے جاتے ہیں ان معائنوں کے فون میں ہونے کی صورت میں اس فون کو کافی مقبولیت حاصل ہونے کی امید ہے اور کہا جا رہاہے کہ اگر اس فون کو روشناس کروا دیا جاتا ہے تو مریضوں کو کافی سہولت حاصل ہوگی لیکن ان رپورٹس کے نتائج کی از سرنو تنقیح کو لازمی قرار دیئے جانے کے متعلق بھی ہدایت جاری کی جاسکتی ہے کیونکہ فون پر کئے جانے والے معائنہ کو قطعی تصور کیا جانا ماہر اطباء کی نظر میں درست نہیں ہے اسی لئے فون پر موصول ہونے والی رپورٹ کو عارضی مانے جانے کا امکان ہے۔