موبائل فون سے نکلنے والی شعاعیں صحت کے لیے مضر

ڈاکٹرس کے تجربات ، اچھی صحت کے لیے استعمال میں کمی ضروری ، ڈاکٹر ویاکر نم ناگیشور و دیگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔26 اپریل (سیاست نیوز) موبائیل فون سے نکلنے والی شعائیں انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر ہیں اور ان شعاؤں سے بچنے کا واحد ذریعہ موبائیل فون کے استعمال میں تخفیف ہے ۔ موبائیل کے عدم استعمال سے انسان ہشاش رہتا ہے اور اسے جلد تھکان نہیں ہوتی اور دماغی طور پر وہ مطمئن ہوتا ہے۔ ڈاکٹر ویاکرنم ناگیشور نے اپنی ٹیم کے ساتھ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا کہ انسان میں پیدا ہونے والی عجلت پسندی اور نقاہت کے علاوہ بلڈ پریشر کی بنیادی وجہ موبائیل فون ہے جس کے زیادہ استعمال کے سبب انسانی خلیات پر اس کے مضر اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ڈاکٹرس پر کئے گئے تجربہ کے بعد خود انہوں نے موبائیل کے استعمال میں کمی کرتے ہوئے ذاتی تجربہ کیا اور یہ پایا کہ موبائیل کے کم استعمال سے انہیں نیند اور دماغی سکون حاصل ہوا ہے اور موبائیل کے استعمال کو مختصر مدت کے لئے ترک کرنے پر وہ دن میں زیادہ دیر تک ہشاش طور پر کام کرتے رہے ہیں۔ڈاکٹر ویاکرنم ناگیشور نے بتایا کہ ان کی تحقیق کے مطابق انسان میں عجلت پسندی اور دماغی سکون کے غائب ہونے کی شکایت کے علاوہ نیند نہ ہونے کی شکایت دراصل موبائیل اور وائر لیس آلات کے استعمال میں اضافہ اور موبائیل سے نکلنے والی شعائیں ہیں جو انسانی صحت کو متاثر کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں موبائیل کی ضرورت سے انکار نہیں کیا جاسکتا لیکن اس سہولت کے استعمال کو منقسم کرتے ہوئے اسے محدود کیا جاسکتا ہے تاکہ ماحولیات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انسانی صحت کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔موبائیل کے مضر اثرات کے سلسلہ میں منعقد کی گئی اس پریس کانفرنس میں ڈاکٹر وینو گوپال‘ ڈاکٹر نوویا‘ مسز سنیتا اور مسز امبیکا کے علاوہ دیگر موجود تھے۔اکرٹ ویاکرنم نے بتایا کہ انہوںنے 4ہفتوں تک موبائیل کے عدم استعمال کا تجربہ کیا ہے اور اس کے مثبت نتائج برآمد بھی ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ موبائیل فون کی کثرت اور ایک گھر میں کئی موبائیل فون کی موجود گی مختلف فونوں تک شعائیں پہنچانے کا کام کر رہی ہیں اور یہ شعائیں نہ صرف فون تک پہنچتی ہیں بلکہ گھروں میںموجود انسانوں کے جسم سے بھی ٹکراتی رہتی ہیں جو کہ نقصاندہ ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فون دوران استعمال جب گرم ہونے لگتا ہے تو اس کی شعائیں عروج پر ہوتی ہیں جو کہ راست انسان کے دماغ کو متاثر کرنے لگتی ہیں۔نیشنل گرڈ آف میڈیکل جرنلزم کی جانب سے منعقدہ اس پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹرس نے بتایا کہ موبائیل اور وائر لیس آلات کا کثرت سے استعمال انسانی صحت کیلئے نقصاندہ ہے اور اس نقصان سے خود کو محفوظ رکھنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ موبائیل کے استعمال میں تخفیف کو یقینی بنائیں ۔انہوںنے بتایا کہ موبائیل فون کی شعائیں انسان کو مختلف بیماریوں میں مبتلاء میں کرسکتی ہیں اور ان بیماریوں کے تدارک کے لئے ضروری ہے کہ موبائیل کی شعاؤں سے بچنے کی تدابیر اختیار کی جائیں۔ڈاکٹر ویاکرنم نے بتایا کہ موبائیل کے استعمال کی تخفیف کے ساتھ اگر خود تجربہ کرتے ہوئے فون خود سے دوررکھیں تو یہ احساس ہونے لگے گا ۔ آپ خود کو حرکیاتی محسوس کرنے لگیں گے اور سردرد ‘ نیند کا نہ ہونا اور نقاہت و چڑچڑا پن جیسی شکایت باقی نہیں رہیں گی۔