مواصلاتی سیٹلائٹ کا کامیاب تجربہ

بنگلور۔7ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مواصلاتی خدمات کو مضبوط اور وسیع تر بنانے کیلئے ہندوستان کی خلائی گنجائش کو بڑھانے کیلئے آج کئے گئے کامیاب تجربہ میں سیٹلائٹ GSAT-16 کو داغا گیا ۔ صبح کی اولین ساعتوں میں فرنچ گیونا میں کورو کے خلائی بندرگاہ سے یہ سیٹلائٹ داغا گیا ۔ خراب موسم کی وجہ سے دو دن کی تاخیر کے بعد آج کا یہ تجربہ کامیاب رہا ۔ اس سیٹلائٹ کو 3,181 کلوگرام وزن کے ساتھ مدار میں داخل کیا گیا ۔ اس کے لئے 32منٹ درکار ہوئے ۔ اس دوہرے راکٹ مشن GSAT-16 معہ 48 ٹرانسپونڈرس ہیں ۔ اب تک داغے گئے سیٹلائٹ میں یہ سب سے بڑا مواصلاتی سیٹلائٹ ہے ۔ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن ( اسرو) کے سائنسدانوں نے اسے مدار میں داخل کیا ‘ اس سے امریکہ بھر میں ڈائرکٹ ٹو ہوم ٹیلی ویژن براڈکاسٹس کی سہولت حاصل ہوگی ۔ سیٹلائٹ کے کامیاب داغے جانے کے بعد بنگلور ہیڈکوارٹر بیس پر اسرو کے سائنسدانوں نے کہا کہ اس سیٹلائٹ کی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اسرو کے سائنسدانوں کی کوششوں کی ستائش کی اور انہیں مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سیٹلائٹ سے ملک کے خلائی پروگرام میں اہم کامیابی ملے گی اور یہ ہمارے خلائی پروگرام کا بڑا اثاثہ ہے ۔ وزیراعظم نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ جی ایس اے ٹی 16 کو کامیابی سے داغے جانے کے بعد ہمارے خلائی پروگرام کو ترقی ملے گی۔