امپھال 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) منی پور کے ضلع چنڈیل میں آج تیسرے دن بھی شورش پسندوں کو پکڑنے کیلئے تلاشی مہم جاری ہے جہاں پر گھات لگاکر کئے گئے حملہ میں 18 فوجی ہلاک اور دیگر 10 زخمی ہوگئے تھے۔ آسام رائفلز کے ذرائع نے بتایا کہ شورش پسندوں کی سرکوبی کیلئے پرلانگ، چارونگ، مولستھ اور دیگر علاقوں میں تلاشی مہم جاری ہے جنھوں نے گزشتہ دو عشروں میں پہلی مرتبہ سرنگوں، راکٹ لانچرس اور خود کار ہتھیاروں کے ذریعہ فوجی جوانوں پر حملہ کردیا ہے۔ اس حملہ میں 8 افراد بشمول 7 فوجی اہلکار اور ایک مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ گھات لگاکر کئے گئے حملہ میں ہلاک تمام فوجی جوانوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔ یہ واقعہ جمعرات کو پیش آیا تھا جبکہ فوجی سربراہ جنرل دلبیر سنگھ سہاگ نے کل جائے وقوع کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔ انھوں نے فوج اور آسام رائفلز کے عہدیداروں سے تلاشی مہم اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ ناگا عسکریت پسند تنظیم این ایس سی این (کھلانگ) نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔