امپھال۔ یکم سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) منی پور میں قبائیلی طلبہ تنظیموں کی جانب سے 12 گھنٹوں کے بند کے دوران چور چندرپور ٹاؤن میں تشدد کے واقعات پیش آئے جن میں 8افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔ منی پور اسمبلی میں 3 بلز کی منظوری کے خلاف قبائیلی طلبہ تنظیموں نے یہ احتجاج شروع کیا ہے۔ حالانکہ آج کئی مقامات پر کرفیو نافذ کردیا گیا تھا۔ چورچندر پور ٹاؤن میں کل گولیوں سے چھلنی 3 نعشیں برآمد ہوئی تھیں۔ اس کے علاوہ آج ہنگلیپ رکن اسمبلی منگا وائی پی کی رہائش گاہ کے ملبہ میں ایک جھلسی ہوئی نعش دستیاب ہوئی ہے۔ پولیس عہدیدار کے مطابق ایک اور نعش بھی برآمد ہوئی ہے۔ کل جن علاقوں میں تشدد پھوٹ پڑا تھا وہاں کرفیو برقرار ہے اور دیگر علاقوں میں تازہ تشدد کے واقعات پیش آئے ۔
چیتا کے حملہ میں کمسن لڑکا ہلاک
جموں ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : جموں و کشمیر کے ضلع دیسائی میں ایک چیتا کے حملہ میں ایک 7 سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا ۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ مہرے تحصیل کے علاقہ جونتالاراہا میں ایک بلند پہاڑ پر یہ لڑکا اقبال اپنی والدہ اور دیگر بزرگوں کے ساتھ قیام پذیر تھا ۔ کل شب ایک چیتا نے حملہ کر کے اسے گھسٹتے ہوئے جنگل میں لے گیا تھا ۔ جس کی نعش آج صبح دستیاب ہوئی ۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں حیوانوں اور انسانوں کے درمیان تصادم کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔۔