نئی دہلی 29 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے ) نے 4 جون کو منی پور میں ایک فوجی قافلہ پر گھات لگاکر حملہ کرنے کے واقعہ کی تحقیقات میں پیشرفت کرتے ہوئے ناگا تخریب کار گروپ این ایس سی این کے ایک اہم روکن کو گرفتار کرلیا ہے ۔ اس حملہ میں جملہ 18 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے ۔ کہا گیا ہے کہ 40 سالہ کھملو ابی انال این ایس سی این کے کا خود ساختہ علاقائی کمانڈر ہے اور وہ اس سازش کا مبینہ طور پر حصہ تھا جو منی پور کے چنڈیل علاقہ میں فوجی قافلہ کو نشانہ بنانے کیلئے رچی گئی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ ملزم کو خصوصی جج این آئی اے کے اجلاس پر پیش کیا گیا جہاں سے اسے 7 جولائی تک این آئی اے کی تحویل میں دیدیا گیا ہے ۔ این آئی اے نے منی پور میں فوجی قافلہ پر کئے گئے حملہ کی تحقیقات میں پہلی پیشرفت حاصل کی ہے ۔ این آئی اے کو دھماکہ کے دو دن بعد ہی تحقیقات سونپ دی گئی تھی ۔ ایجنسی نے ماہرین کی ایک ٹیم بھی روانہ کی تھی جس نے ڈی آئی جی کی قیادت میں مقام حملہ کا معائنہ بھی کیا تھا ۔ عہدیداروں نے انال کے تعلق سے کہا کہ اس حملہ کے بعد وہ ایک اور مقدمہ میں خود گرفتار ہوگیا تھا تاکہ فوجی قافلہ پر حملہ کے مقدمہ سے خود کو بچاسکے ۔ تاہم تحقیقات کے دوران اس کے رول کا پتہ چلنے لگا اور تفصیلی پوچھ تاچھ کے بعد اس نے بالآخر این آئی اے عہدیداروں کے سامنے اپنے رول کا اعتراف کرلیا ۔