منیکا گاندھی ایمس میں داخل

نئی دہلی،3 جون (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں داخل وزیر بہبود خواتین و اطفال کا جلد ہی پتھری کا آپریشن کیا جائے گا۔ منیکا گاندھی کے فرزند ورون گاندھی نے آج ٹویٹر پر اس کی اطلاع دی۔انہوں نے بتایا کہ ان کی ماں کو کل رات ایمس میں داخل کرایا گیا۔ ورون نے اپیل کی  کہ ان کی ماں کے جلد صحت مند ہونے کی دعاکریں۔ وہ کل اپنے پارلیمانی حلقے پیلی بھیت کے دورے پر تھیں کہ انہیں پیٹ میں تیز درد شروع ہوا، جس کے بعد انہیں فوراً طیارے سے دہلی کو منتقل کرکے ایمس میں داخل کرایا گیا۔
مہاراشٹرا : کسانوں کی ہڑتال ختم
ممبئی، 3جون (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے احتجاجی کسانوں نے چیف منسٹر دیویندر فرنویس کی یقین دہانی کے بعد اپنی دو روزہ ہڑتال ختم کردی ہے۔فرنویس نے کہا ہے کہ وہ 20جون تک دودھ کی قیمتوں پر نظرثانی کریں گے، چھوٹے کاشتکاروں کے قرضے معاف کردیں گے اور بجلی کے بلوں میں راحت دیں گے ۔یہ احتجاج پونے کے چھوٹے سے گاؤں پنتامبا سے شروع ہوا تھا، جہاں کے کسانوں کا دعویٰ ہے کہ ان کے 70 فیصد مطالبات مان لئے گئے ہیں۔ کل رات کسانوں اور چیف منسٹر کے درمیان چار گھنٹے بات چیت کے بعد ہڑتال واپس لینے کا اعلان کیا گیا۔