حکومت سے امداد پر زور، وی ہنمنت راؤ رکن راجیہ سبھا کانگریس کا دورہ
حیدرآباد ۔ 26 ستمبر (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ اور صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر خواجہ محمد فخرالدین نے آج منیٰ واقعہ میں شہید ہونے والی خاتون حاجی بی بی جان کی قیامگاہ پہنچ کر ان کے ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں تعزیت پیش کی اور تلنگانہ حکومت سے 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیاء فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مسٹر وی ہنمنت راؤ نے منیٰ بھگدڑ واقعہ پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے حاجیوں کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت پیش کی۔ بی بی جان کے تین بھائیوں اور خاندان کے دوسرے ارکان سے تبادلہ خیال کیا۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ منیٰ بھگدڑ واقعہ پر انہیں بہت زیادہ افسوس ہوا ہے۔ بی بی جان کے غمزدہ افراد خاندان سے بات چیت کرچکے ہیں اور چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ منیٰ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے حاجیوں کے افراد خاندان کو کم از کم فی کس 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیاء فراہم کریں اور ساتھ ہی مرکزی حکومت بھی اپنی طرف سے علحدہ معاوضہ فراہم کرے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر خواجہ محمد فخرالدین نے کہاکہ منیٰ بھگدڑ واقعہ پر وہ بے حد صدمہ کا شکار ہیں۔ اس واقعہ میں ہلاک ہونے والے حاجیوں بالخصوص ہندوستان اور تلنگانہ کے حاجیوں کے ارکان خاندان کو وہ اظہارتعزیت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی بی جان کے ارکان خاندان سے ملاقات کے دوران انہیں پتہ چلا ہیکہ مرحومہ بی بی جان کے دوسرے ارکان خاندان کی واپسی کا شیڈول 14 اکٹوبر کو ہے۔ تاہم وہ جلد از جلد حیدرآباد لوٹنا چاہتے ہیں لہٰذا وہ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی سے اپیل کرتے ہیں کہ انہیں جلد از جلد حیدرآباد واپس لانے کے انتظامات کئے جائے۔ وہ بھی اپنی اور کانگریس کی جانب سے کونسل جنرل جدہ سے رابطہ پیدا کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد حیدرآباد لانے کی مساعی کریں گے۔