مزید 13 شہیدوں کی شناخت ، ایک حج والینٹر اور والدین بھی شامل
منیٰ ۔ /27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وادی منیٰ میں شیطان کو کنکریاں مارنے کے موقع پر بھگدڑ میں جاں بحق ہونے والے ہندوستانیوں کی تعداد 35 ہوگئی ہے ۔ اس ہولناک بھگدڑ سانحہ کے بعد ہندوستانی قونصل خانے کے عہدیداروں نے جاں بحق ہونے والے ہندوستانیوں کی شناخت کی ہے ۔ مزید 13 حاجیوں کی نعشوں کے ہندوستانی ہونے کی تصدیق کرلی گئی ۔ عازمین حج کی خدمت کرنے والا ایک والینٹر نیاز الحق منصوری اور اس کے والدین منیٰ میں بھگدڑ کے دوران جاں بحق ہوگئے ۔ وہ یانبو سے سعودی عرب آکر 950 رکنی والینٹرس کی ٹیم میں شامل ہوگیا تھا تاکہ ہندوستانی حاجیوں کی خدمت میں مقامی عہدیداروں کی مدد کرسکے ۔ وہ پہلا ہندوستانی ہے جس کی شناخت کی گئی ۔ اس کے ہمراہ اس کے والدین منصور الحق اور نسیمہ خاتون کی نعشیں بھی دستیاب ہوئیں۔جو لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل تھے ۔ یہ خاندان جھارکھنڈ سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے آیا تھا ۔ منصور ایک خانگی کمپنی میں جو یانبو میں ہے ملازم تھا ۔ اس کے بھائی عبدالغنی کی یانبو سے آمد کے بعد اس کی اور اس کے والدین کی نعشوں کی شناخت ممکن ہوسکی ۔