منیش سیسوڈیہ کی کار کو رفتار سے زیادہ دوڑانے پر جرمانہ

نئی دہلی 19 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا کی کار شمال مشرقی دہلی کے کھجوری خاص علاقہ میں مقررہ رفتار سے تیز دوڑتی ہوئی پائی گئی جس پر ٹریفک پولیس نے ان کے ڈرائیور پر جرمانہ عائد کیا ہے ۔ کھجوری خاص چوک علاقہ میں ڈیوٹی پر متعین ٹریفک پولیس اہلکار رفتار کا پتہ چلانے والے آلہ کے ساتھ موجود تھا اور اس نے پتہ چلایا کہ 12 جون کی شام ڈپٹی چیف منسٹر کی گاڑی مقررہ رفتار سے زیادہ رفتار سے دوڑ رہی ہے ۔ اس نے آئندہ جنکشن پر کار روکنے کا پیام دیدیا تھا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کار میں موجود تھے جب وہ مقررہ رفتار سے زیادہ دوڑ رہی تھی اور پولیس اہلکاروں نے کار کو روک دیا ۔ ٹریفک پولیس اہلکاروں نے ان کے ڈرائیور پر 400 روپئے جرمانہ عائد کیا ۔ یہ جرمانہ کار کو مقررہ رفتار سے زیادہ رفتار سے دوڑانے کی پاداش میں کیا گیا ہے ۔