نئی دہلی ۔ 19 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سیسوڈیہ اور اُن کے رفیق ستیندر جین جو لیفٹننٹ گورنر کے دفتر میں بھوک ہڑتال پر تھے اور جنھیں صحت بگڑ جانے کے بعد دواخانہ میں شریک کرایا گیا تھا ، انھیں آج ایل این جے پی ہاسپٹل سے ڈسچارج کردیا گیا ، ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ وزیر صحت ستیندر کو اُن کی حالت میں ابتر پر اتوار کی شب اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا ۔ سیسوڈیہ کو اُن کے قارورہ میں کیٹون کی سطح تیزی سے بڑھ جانے اور اُن کا شوگر لیول گھٹ جانے پر گزشتہ روز سہ پہر اسپتال سے رجوع کیا گیا تھا ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایل این جے پی ہاسپٹل جے سی پاسی نے کہا کہ دونوں وزراء کو آج صبح 10 بجے ڈسچارج کیا گیا ۔ اُن کی مجموعی صحت اب نارمل ہے ۔ آج صبح سیسوڈیہ نے ٹوئٹ کیا تھاکہ وہ تیزی سے بحال ہورہے ہیں اور آج سے ہی کام پر واپس ہونا چاہیں گے ۔