منہدمہ عمارت کے مہلوکین کی تعداد 28ہوگئی،کئی افراد بچالئے گئے

چینائی۔ یکم جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) چینائی میں پچھلے دنوں ایک زیر تعمیر ہمہ منزلہ عمارت کے انہدام میں مہلوکین کی تعداد میں آج اس وقت مزید اضافہ ہوگیا جب آج مذکورہ مقام پر ملبہ سے مزید آٹھ نعشیں دستیاب ہوئیں۔ ایک سرکاری عہدیدار نے آج یہ بات بتائی۔ اس طرح اب تک اس انہدامی حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد مجموعی طور پر28ہوگئی۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت کے کاندی سوامی نے آج کہا کہ بچاؤ اور راحت کاری کے لگاتار کام کے بعد جملہ 26افراد کو تاحال بچالیا گیا ہے۔ آج ایک مہیش نامی شخص کو دیگر دوافراد کے ساتھ زندہ نکال لیا گیا ہے جنہوں نے نشاندہی کی ہے کہ مزید کئی افراد اندر زندہ ہیں اور پھنسے ہوئے ہیں جس میں ان کی اہلیہ بھی شامل ہے۔متعلقہ عہدیدار نے مزید 8زندہ افراد کو جلد سے جلد نکال لینے کی امید کا اظہار کیا ہے۔