ممبئی میں اسکولس اور کالجس بند، ٹاملناڈو چیف منسٹر کا 2604 ماہی گیروں کو بچانے کا دعویٰ
احمدآباد ۔ 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی ساحل پر تباہی کی داستان چھوڑنے کے بعد منگل کی رات نصف شب سے ریاست گجرات کے ساحلی علاقہ پر سمندری طوفان اوکھی کا حملہ ہوگا۔ طوفان کے ساتھ تیز رفتار آندھی چلے گی جس کے نتیجہ میں ریاست کے کئی علاقوں میں آئندہ دو دن بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے بموجب سمندری طوفان اوکھی فی الحال سورت کے جنوب مغرب میں 850 کیلو میٹر کے فاصلہ پر مرکوز ہے جس سے مہاراشٹرا کا ساحلی علاقہ جو سورت کے قریب واقع ہے، 5 ڈسمبر کی آدھی رات سے سمندری طوفان کے قہر کا نشانہ بننے کا اندیشہ ہے۔ اس پیش قیاسی کے بعد چیف سکریٹری گجرات جے این سنگھ نے آج انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہے اور حالات کا جائزہ لے۔ محکمہ مال کے پرنسپل سکریٹری پنکج کمار نے گاندھی نگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساحلی علاقوں کے متعلقہ عہدیداروں کو تمام احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ دو قومی آفات سماوی ردعمل فورس ٹیمیں سورت، نوساری اور راجکوٹ میں تعینات کردی گئی ہیں۔ فوج، بحریہ اور بی ایس ایف کو چوکس کردیا گیا ہے۔ سمندری طوفان اوکھی جنوبی گجرات میں کل آدھی رات کو داخل ہوگا جس سے عمرگاؤں سے لیکر گیرسومناتھ ضلع تک متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ پرنسپل سکریٹری نے کہا کہ ساحلی اضلاع کے کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہیکہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ماہی گیر ناسازگار موسم کی صورت میں سمندر میں نہ جائیں۔ جو ماہی گیر سمندر میں ہیں انہیں فوری واپسی کی ہدایت دیدی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آندھی کی رفتار 50 تا 70 کیلو میٹر فی گھنٹہ ہونے کا اندیشہ ہے۔ کھوبھا اور دہیج، خلیج کھمبایت میں نقل و حرکت معطل کردی گئی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے حال ہی میں جن خدمات کا افتتاح کیا تھا، وہ 6 ڈسمبر سے موسم کے حالات سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں گی۔ امکان ہیکہ گجرات میں آئندہ چار دن سمندری طوفان کے اثرات جاری رہیں گے۔ زبردست بارش ولساڈ، سورت، نوساری، بھروچ، ڈانگ، تاپی، امریلی، گیرسونک اور بھاونگر میں 5 ڈسمبر کو متوقع ہے۔ سمندر میں تموج ہوگا۔ چنانچہ ماہی گیروں کو واپسی کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی نے ایک ہنگامی اجلاس سینئر عہدیداروں کے ساتھ طلب کرکے حالات کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ دریں اثناء ریاست مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی میں تمام تعلیمی اداروں کو کل تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے کیونکہ سمندری طوفان اوکھی کی وجہ سے موسم ناخوشگوار ہونے کا اندیشہ ہے۔ چینائی سے موصولہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر ٹاملناڈو پلانی سوامی نے ادعا کیا کہ 2604 ماہی گیر جو سمندر میں پھنس گئے تھے، بچا کر ساحل پر منتقل کردیئے گئے ہیں۔