ممبئی ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی سینئر بی جے پی لیڈر آنجہانی گوپی ناتھ منڈے کی موت کی تحقیقات کرے گی جو گذشتہ ہفتہ ایک کار حادثہ میں ہلاک ہوگئے تھے۔ مہاراشٹرا اسمبلی میں قائد اپوزیشن ایکناتھ کھڈسے نے یہ بات کہی اور بتایا کہ مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ کی جانب سے دیئے گئے تیقن کے بعد ہی سی بی آئی اپنا کام کرے گی۔ ایک بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج صبح راجناتھ سنگھ نے انہیں (کھڈسے) فون کرتے ہوئے گذشتہ ہفتہ کے دلدوز واقعہ پر تبادلہ خیال کیا جس میں مرکزی وزیر منڈے کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔ راجناتھ سنگھ نے انہیں تیقن دیا کہ منڈے کی موت کی تحقیقات سی بی آئی کرے گی جس کے لئے سرکاری احکامات اندرون دو تا تین یوم جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گذشتہ روز نئی دہلی میں مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری
اور بی جے پی کے ریاستی سربراہ دیویندر فڈنویس نے راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی تھی اور استدعا کی تھی کہ منڈے کی موت پر چھائے شکوک کے بادل ہٹانے کیلئے حادثہ کی سی بی آئی تحقیقات کروائی جائے۔ ان حالات پر کڑی تنقید کی جارہی ہے کہ گوپی ناتھ منڈے نے جب مہاراشٹرا جانے کیلئے ایرپورٹ کے سفر کا آغاز کیا تو ان کے ساتھ کوئی سیکوریٹی اہلکار کیوں نہیں تھا؟ کس طرح منڈے ایک معمولی سڑک حادثہ میں انتقال کر گئے؟ کیا یہ حادثہ سبوتاج کا نتیجہ تھا؟ یہ وہ سوالات ہیں جو ہر ایک کے ذہن میں اٹھ رہے ہیں اور مطالبہ کیا جارہا ہیکہ منڈے کی موت کی سی بی آئی تحقیقات کے بعد شک و شبہات کو دور کیا جاسکتا ہے۔ دریں اثناء منڈے کی بیٹی و ایم ایل اے پنکجا منڈے پالوے نے منڈے کے حامیوں سے درخواست کی ہیکہ وہ ایسے لوگوں کے جال میں نہ پھنسیں جو ان کے والد کی موت سے سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں انہوں نے کھڈسے اور فڈنویس سے بات چیت کی ہے اور انہیں وزیراعظم نریندر مودی پر پورا اعتماد ہے۔