چیف منسٹر کے اختیارکردہ اور کویتا کے آبائی موضع میں ٹی آر ایس کو شکست
حیدرآباد ۔ 4۔جون (سیاست نیوز) ریاست میں ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات میں اگرچہ ٹی آر ایس کو کانگریس پر سبقت حاصل ہوئی لیکن چیف منسٹر کے سی آر اور ان کی دختر کویتا کو رائے دہندوں نے پھر ایک بار جھٹکا دیا ۔ کریم نگر میں کے سی آر نے جس گاؤں کو ترقی دینے کیلئے گود لیا تھا، وہاں ٹی آر ایس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح نظام آباد میں کویتا کے آبائی موضع میں ٹی آر ایس کو شکست ہوگئی ۔ لوک سبھا انتخابات میں ٹی آر ایس کو کویتا اور ونود کمار کی شکست کے سبب پشیمانی کا سامنا کر پڑا ہے ۔ تلنگانہ میں بی جے پی 4 اور کانگریس 3 لوک سبھا نشستوں پر کامیاب ہوئی۔ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات کی آج رائے شماری کی گئی ۔ کریم نگر میں موضع چناملکنور کو کے سی آر نے ترقی دینے کیلئے اختیار کیا تھا ، اس گاؤں کی ایم پی ٹی سی نشست پر آزاد امیدوار راجیشم کو کامیابی حاصل ہوئی جبکہ ٹی آر ایس کے امیدوار کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایم پی ٹی سی کی 5659 اور زیڈ پی ٹی سی کی 534 نشستوں کیلئے 32 اضلاع میں رائے دہی ہوئی تھی اور اب تک موصولہ نتائج کے مطابق ٹی آر ایس کو سبقت حاصل ہے ۔ دوسری طرف نظام آباد میں بی جے پی بہتر مظاہرہ سے ٹی آر ایس کو جھٹکا لگا۔ سابق رکن پارلیمنٹ کویتا کے آبائی موضع پوتنگل میں ٹی آر ایس کو شکست ہوگئی۔ پوتنگل کی ایم پی ٹی سی نشست پر بی جے پی نے قبضہ کرلیا ۔ بی جے پی امیدوار کو 95 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ نظام آباد جو کبھی ٹی آر ایس کا گڑھ تھا ، بی جے پی نے اپنے قدم جمالئے ہیں۔