خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ ، صدر تلنگانہ پی سی سی پنالہ لکشمیا
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا نے کہا کہ منڈل اور ضلع پریشد صدور نشین کے انتخاب کے لیے اعلامیہ جاری ہونے کے بعد وہپ جاری کیا جائے گا ۔ وہپ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ پارٹی نے بلدیات منڈل اور ضلع پریشد کے انتخابات میں شاندار مقابلہ کیا ہے ۔ صدور نشین کے انتخاب کے لیے اعلامیہ جاری ہونے کے بعد پارٹی کی جانب سے وہپ جاری کی جائے گی ۔ کانگریس کے تمام منتخب ارکان کو وہپ کا احترام کرنا ضروری ہے ۔ وہپ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پارٹی سخت کارروائی کرے گی ۔ انہوں نے بیشتر بلدیات ، منڈل اور ضلع پریشد کے انتخابات پر قبضہ ہونے کی توقع کا اظہار کیا ۔ انہوں نے جگا ریڈی کی پارٹی چھوڑنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جگا ریڈی نے ان سے ملاقات کرتے ہوئے اس کی وضاحت کردی ہے ۔ مزید اس پر گفتگو کرنا مناسب نہیں ہے ۔
پارٹی کی شکست کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے پنالہ لکشمیا نے کہا کہ انہوں نے خود پارٹی کے شکست کی ذمہ داری قبول کرلی ہے علحدہ تلنگانہ ریاست کانگریس پارٹی نے تشکیل دیا ہے مگر کانگریس پارٹی اس کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی ہے وہ اضلاع کانگریس صدور کو مکتوبات روانہ کرتے ہوئے اسمبلی اور لوک سبھا حلقوں میں پارٹی کے ناکامی کی وجوہات اور عوام کا بھروسہ جیتنے میں ناکام ہونے کی بنیاد پر رپورٹ روانہ کرنے کی ہدایت دے چکے ہیں جیسے ہی رپورٹ وصول ہوگی اس کا جائزہ لے کر ہائی کمان کو رپورٹ روانہ کی جائے گی ۔ کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرتے ہوئے عوامی مسائل کو حکومت سے رجوع کرتے ہوئے حل کرایا جائے گا ۔ ملازمین کی تقسیم میں تلنگانہ کے ملازمین کے ساتھ ہونے والی نا انصافی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ ہم پہلے سے تنازعہ کے خلاف ہے کسی سے کوئی نا انصافی نا ہو جو علاقے کے ملازمین اسی علاقے میں کام کریں ۔۔