پاناجی۔18 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ سے واپسی کے بعد ایک سرکاری پروگرام میں پہلی مرتبہ شرکت کرتے ہوئے کمزور دکھائی دینے والے چیف منسٹر گوا منوہر پاریکر نے آج یہاں گوا ری پبلک ڈے کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ امریکہ میں تین ماہ تک زیر علاج رہنے کے بعد جمعرات کی شام گوا واپس ہونے والے چیف منسٹر نے آزاد میدان میں منعقدہ اس تقریب میں کسی مدد کے بغیر چل کر آئے۔ انہوں نے اس تقریب میں گورنر مریدولا سنہا کا استقبال کیا اور ایک گھنٹہ طویل اس تقریب میں موجود رہیے اور جدوجہد آزادی گوا کے شہیدوں کی یادگار پر گلہائے خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ویٹ گرائونڈ پر بھی گئے۔ انہوں نے اس پروگرام میں دو منٹ تقریر کی تاہم ان کی آواز کمزور معلوم ہورہی تھی۔ مجاہد آزادی رام منوہر لوہیا نے 1946ء میں آج کے دن پرتگالیوں کی حکومت کے خلاف جدوجہد کرنے کی اپیل کی تھی۔ 62 سالہ منوہر پاریکر کو پیٹ میں درد کی شکایت پر ایک مقامی دواخانہ میں فبروری میں شریک کیا گیا تھا بعد میں وہ علاج کے لیے مارچ کے پہلے ہفتہ میں امریکہ روانہ ہوئے تھے۔