منوہر سنگھ کی درخواست مسترد کردینے این آئی اے کا زور

ممبئی 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے 2006 ء مالیگاؤں بم دھماکہ کیس میں ایک ہندو انتہا پسند گروپ کے مبینہ رکن کی جانب سے داخل کردہ درخواست ڈسچارج کو مسترد کردینے پر زور دیا۔ تحقیقات کنندگان نے قبل ازیں 9 مسلمانوں کو گرفتار کیا تھا تاہم این آئی اے نے اِس کی تحقیقات کرتے ہوئے پتہ چلایا کہ یہ دھماکے ہندو انتہا پسند کی کارستانی تھے۔

مہاراشٹرا منظم جرائم قانون کی عدالت کے جج وائی ڈی شنڈے کے سامنے اپنی درخواست داخل کرتے ہوئے این آئی اے نے کہاکہ ملزم منوہر سنگھ کو اِس مسئلہ میں اپنی درخواست داخل کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ قانون کی دفعات کے مطابق کسی بھی دوسرے ملزم کی جانب سے ڈسچارج کی اپیل داخل کرنے کا دوسرے شریک ملزم کو اختیار نہیں ہے۔ مہاراشٹرا انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے 9 مسلمانوں کو گرفتار کرتے ہوئے ملزم قرار دیا تھا لیکن این آئی اے نے اِنھیں بے قصور بتایاتھا۔