احمد آباد6نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیر اعظم اور سینئر کانگریسی لیڈر ڈاکٹر منموہن سنگھ گجرات میں جاری انتخابی گھمسان کے درمیان کل یہاں تاجروں صنعت کاروں کے ایک اجتماع سے خطاب کریں گے جو دسمبر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پہلے ریاست میں ان کا پہلا پروگرام ہوگا۔سمجھا جاتا ہے کہ صنعت اور تجارت اکثریتی گجرات میں گڈز ایند سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) کو ایک بہت بڑا انتخابی ایشو بنا رہی کانگریس کی اس مہم کو تقویت دینے کے لئے ڈاکٹر سنگھ کو میدان میں اتارا جا رہا ہے ۔پارٹی کے ریاستی ترجمان منیش دوشی نے بتایا کہ مسٹر سنگھ کل شاھي باغ کے سردار پٹیل میموریل میں تاجروں اور صنعت کاروں کے ایک اجتماع سے خطاب کریں گے ۔ پہلے یہ پروگرام گجرات چیمبرز اینڈ کامرس اینڈ انڈسٹریز کے کیمپس میں ہونے والا تھا ،پارٹی نے کل اس سلسلہ میں باضابطہ تحریری اطلاع بھی جاری کردی تھی ۔اب اس کے وینیو کو تبدیل کردیا گیا ہے ۔چیمبر کے چیئر مین شیلیش پٹواری نے بتایا کہ کانگریس کی جانب سے پروگرام کیلئے مزید بڑی جگہ کی آخری وقت میں مانگ کئے جانے کے سبب ہم نے اس معاملہ میں اپنی لاچاری کا اظہار کیا۔جگہ بدلے جانے کے پیچھے اور کوئی وجہ نہیں ہے ۔ ہمارے پاس زیادہ سے زیادہ 350 نشستوں والی کانفرنس ہال ہے ۔جبکہ انہوں نے بعد میں ایک ہزار سے زائد لوگوں کے آنے کی بات کہی تھی۔ ایس پی جی نے ہمارے کیمپس کی چھان بین بھی کر لی تھی۔ آخری لمحات میں ایسا ہونا بدقسمتی ہی ہے ۔ ڈاکٹر سنگھ بہت بڑے ماہر اقتصادیات اور انتہائی معزز شخصیت ہیں۔ اس میں بی جے پی کانگریس کی سیاست کو نہیں جوڑا جانا چاہئے ۔ادھر کانگریس کے ایک رہنما نے کہا کہ چیمبر کے کئی افسران برسر اقتدار بی جے پی کے مہرے کے جیسابرتاؤ کر رہے تھے ، اسی لیے ہم نے پنڈال کو تبدیل کر دیا. واضح رہے کہ طویل عرصہ سے چیمبر پر بی جے پی حامی صنعت کاروں کا دبدبہ رہا ہے ۔