دختردمن سنگھ کی کتاب سے اقتباس
نئی دہلی ۔ 18 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کی دختر دمن سنگھ نے اپنی کتاب ’’اسٹرکٹلی پرسنل : منموہن اینڈ گروشرن‘‘ نامی کتاب میں کچھ دلچسپ انکشافات کئے ہیں ،جن میں 1991ء میں انہیں وزیر مالیات بنائے جانے کا اچانک فیصلہ بھی شامل ہے۔ کتاب کے اقتباس کے مطابق ان کے والد (منموہن سنگھ) کو جس وقت وزیر مالیات بنائے جانے کی اچانک اطلاع دی گئی تو وہ اس وقت محوخواب تھے اور ٹیلیفون پر دی گئی اطلاع نے انہیں چونکا دیا تھا۔ اس وقت کے وزیراعظم نرسمہا راؤ نے انہیں ازراہ مذاق ٹیلیفون پر کہا تھا کہ اگر وزیرمالیات کی حیثیت سے ان کی (منموہن) کارکردگی اطمینان بخش نہیں رہی تو انہیں برطرف کردیا جائے گا۔ دمن سنگھ کے مطابق جس وقت سابق وزیراعظم کے پرنسپل سکریٹری پی سی الیگزنڈر نے منموہن سنگھ کو فون کرتے ہوئے یہ پیغام پہنچانے کی کوشش کی کہ انہیں نرسمہا راؤ حکومت نے وزیرمالیات مقرر کیا ہے، منموہن سنگھ محو خواب تھے اور ان کیلئے یہ خبر نیند سے چونکادینے والی تھی۔ دمن سنگھ نے اپنے والد کی جانب سے کہے گئے الفاظ کو من و عن پیش کیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وزارت کا قلمدان یقیناً نیند سے چونکا دینے والا تھا۔ دمن سنگھ کی کتاب میں اس دور کا احاطہ کیا گیا ہے جب منموہن سنگھ کے وزیراعظم بننے کے دور دور تک بھی امکانات موجود نہیں تھے لیکن ان کی قسمت نے بہرحال 2004ء میں انہیں وزارت عظمیٰ کے جلیل القدر عہدہ پر فائز کردیا تھا۔