منموہن سنگھ کو زیراعظم ملائیشیا کا فون

نئی دہلی ۔16مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے آج وزیراعظم منموہن سنگھ کو فون کیا اور لاپتہ ملائیشیا طیارے کی بڑے پیمانے پر تلاش کیلئے ہندوستان سے مدد کی خواہش کی ۔ نجیب رزاق نے منموہن سنگھ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا کے تحقیق کاروں کو شبہ ہے کہ لاپتہ بوئنگ 777-200 طیارے میں کمیونکیشن سسٹم کو دانستہ طور پر ناکارہ بنایا گیا ہے ۔ اس کا ٹرانسپونڈر بند کردیا گیا ہے ۔راڈار سسٹم سے رابطہ منقطع ہونے کے ساتھ گھنٹوں یہ طیارہ پرواز کرتارہا ۔ قبل ازیں کولالمپور میں ملائیشیا کے وزیرٹرانسپورٹ حسام الدین حسین نے کہا تھا کہ لاپتہ طیارہ کی تلاش کیلئے دنیا کے کئی ممالک مصروف ہیں ۔ ان ملکوں کی تعداد 23 ہوگئی ہے ۔انہوں نے اس بات کی توثیق کی کہ وزیراعظم نجیب رزاق نے اپنے ہندوستانی ‘بنگلہ دیشی ‘ قازقستان اور ترکمستان کے ہم منصبوں سے فون پر بات کی ہے۔

ہندوستان نے لاپتہ طیارہ کی
تلاشی مہم روک دی
نئی دہلی۔ 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے لاپتہ ملائیشین ایرلائینز طیارہ MH-370 کی تلاشی مہم آج معطل کردی اور اس کام میں مصروف تمام بحری و بری جہازوں کو واپس لالیا گیا ہے۔ وزارت دفاع کے ایک صحافتی بیان میں بتایا گیا کہ ملائیشیائی حکام نے یہ اشارہ دیا ہے کہ تحقیقات کا رُخ اب دوسری طرف موڑ دیا گیا ہے اور تلاشی مہم ایک نئے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے چنانچہ ہندوستان نے اپنی تلاشی کارروائی معطل کردی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اب تک لاپتہ طیارہ کے تعلق سے کسی قسم کا کوئی ثبوت یا اشارہ نہیں ملا ہے۔ ہندوستان نے اس طیارہ کی تلاش کیلئے بحریہ، فضائیہ اور کوسٹ گارڈ کے کئی وسائل کو متحرک کر رکھا تھا۔ اس دوران ہندوستانی انٹلیجنس عہدیداروں نے لاپتہ طیارہ میں سوار پانچ ہندوستانیوں کو کلین چٹ دی ہے۔ اس طیارہ کے مواصلاتی نظام کو دانستہ طور پر ناکارہ بنانے کی اطلاعات کے بعد اس میں سوار مسافرین کے تعلق سے بھی تحقیقات کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔