واشنگٹن۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی ایک عدالت نے محکمہ انصاف سے خواہش کی ہے کہ سابق وزیراعظم ہند منموہن سنگھ کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے کے مقدمہ میں استثنا کے مسئلہ پر 10 جولائی تک جواب داخل کرے۔ یہ مقدمہ نیویارک کی ایک سکھ تنظیم نے دائر کیا ہے۔ محکمہ انصاف نے حال ہی میں واشنگٹن کی وفاقی عدالت کو اطلاع دی تھی کہ منموہن سنگھ کو بحیثیت وزیراعظم امریکہ میں استثنیٰ حاصل ہے لیکن ’’سکھوں کیلئے انصاف‘‘ نامی تنظیم جوابِ دعویٰ میں ادعا کیا کہ اب منموہن سنگھ ملک کے وزیراعظم نہیں ہیں ، اس لئے استثنا حاصل نہیں ہے۔ اٹارنی گرپتھ ونتھ سنگھ قانونی مشیر برائے تنظیم نے کہا کہ انصاف حقوق کی خلاف ورزی کرنے والوں پر امریکی عدالت میں مقدمہ دائر کرنا امریکہ کی خارجہ پالیسی کے خلاف نہیں ہے، کیونکہ محکمہ انصاف نے ’’استثنا کی تجویز‘‘ پیش کی تھی جس کا مقصد انسانی حقوق کے لئے امریکی ایجنڈہ کے احترام کا فروغ تھا۔