نئی دہلی۔ 26 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) پیشرو یو پی اے حکومت کو آج منظر عام پر آئی ایک اور کتاب میں نشانہ بنایا گیا ہے ۔ سابق ٹرائی صدرنشین پردیپ بائیجل نے الزام عائد کیا کہ اس وقت کے وزیراعظم منموہن سنگھ نے 2G ٹیلیکام لائسنس کے معاملہ میں تعاون نہ کرنے پر انہیں نقصان پہنچانے کا انتباہ دیا تھا۔ 2G اسپکٹرم تخصیص اسکام مقدمہ کے سلسلہ میں بائیجل سے کئی سال تحقیقات کی گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سی بی آئی چاہتی تھی کہ وہ ارون شوری اور رتن ٹاٹا کو اس مقدمہ میں ماخوذ کریں۔ انہوں نے اپنی اس کتاب میں کہا کہ سی بی آئی نے ہر مقدمہ میں یہ دھمکی دی کہ اگر وہ تعاون نہ کریں تو انہیں نقصان پہنچایا جائے گا۔ یہ دھمکی بالکل اسی طرح تھی جس طرح نامور ماہر معاشیات وزیراعظم نے انہیں دی تھی کہ اس اسکیم میں تعاون نہ کریں تو نقصان پہنچایا جائے گا۔سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
پی ایم او ویب سائیٹ پر وزیراعظم کو ای میل کی سہولت
نئی دہلی ۔ 26 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی حکومت کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پی ایم او ویب سائیٹ کو نئے انداز میں پیش کیا جارہا ہے۔ اس میں ایک نئے گوشہ کا اضافہ کیا گیا جہاں کوئی بھی شخص وزیراعظم کو راست ای میل روانہ کرسکتا ہے۔ اس ویب سائیٹ میں حکومت کی کارکردگی سے متعلق تمام تفصیلات درج ہیں۔