منشیات ۔ دہشت گردی کا ریاکٹ بے نقاب

نئی دہلی 3 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر کے ایک پولیس کانسٹیبل اور ٹاملناڈو کے دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کے قبضہ سے 35 کروڑ روپئے کی ہیروئین ضبط ہوئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ تینوں ایک بین الاقوامی منشیات ۔ دہشت گردی نیٹ ورک کا حصہ ہے ۔ یہ نیٹ ورک منشیات کی اسمگلنگ کرتا ہے اور اس سے حاصل ہونے والی رقومات کو پاکستان سے کام کرنے والی دہشت گرد تنظیم حزب ال مجاہدین کو فنڈنگ کیلئے استعمال کیا جاتا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کا کانسٹیبل خورشید عالم گندربل ضلع کا رہنے والا ہے ۔ اس کے ساتھ ٹاملناڈو سے تعلق رکھنے والے دو افراد بی گنیش اور ایم سینتھل کو ہمایوں کے مقبرہ کے قریب گرفتار کیا گیا ہے ۔ یہ گرفتاری 19 جنوری کو عمل میںآئی تھی ۔

کہا گیا ہے کہ ان کے قبضے سے جملہ 10 کیلوگرام ہیروئین ضبط کی گئی ہے اور اس کی جملہ مالیت 35 کروڑ روپئے بتائی جاتی ہے ۔ ان تینوں ہی ملزمین کو آج ایک عدالت میں پیش کیا گیا اور پولیس نے عدالت سے کہا کہ ملزمین کی مزید تحویلی تفتیش کی ضرورت نہیں ہے ۔ اس کے بعد ین تینوں کو خصوصی جج انو گروور بالیگا نے انہیں 14 دن کی عدالتی تحویل میں دیدیا ہے ۔ اسپیشل کمشنر ایس این سریواستو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ اس سنڈیکیٹ کا اصل سرغنہ کویت کا مقیم علی نامی شخص ہے ۔ وہ فون اور انٹرنیٹ کے ذریعہ اپنا منشیات کا کاروبار چلاتا ہے ۔