حیدرآباد۔/24جنوری، ( سیاست نیوز) دونوں شہروں میں منشیات کے ریاکٹس کو بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور ایک تازہ کارروائی میں ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے منگل ہاٹ علاقہ میں ایک شخص کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے گانجہ برآمد کرلیا۔ پولیس کے بموجب 24 سالہ شبھم سنگھ ساکن منگل ہاٹ جو پیشہ سے گنیش کی مورتیاں بنانے والا مزدور ہے اپنے دو ساتھیوں گنیش سنگھ اور انگوری بائی کی مدد سے گانجہ کا کاروبار شروع کیا۔ کم دام میں گانجہ حاصل کرتے ہوئے شہر میں زیادہ قیمت پر فروخت کیا کرتا تھا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس ٹیم نے آج شبھم سنگھ کو رحیم پورہ منگل ہاٹ علاقہ میں اس وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جب وہ گانجہ فروخت کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 8 کیلو گانجہ برآمد کرلیا ہے اور اس کے دو ساتھیوں کی تلاش شروع کردی۔ پولیس نے گرفتار ملزم کو ضبط شدہ منشیات کے ساتھ منگل ہاٹ پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا۔