پیپلز پلازا پر 5K دوڑ کا اہتمام ۔ ڈی جی پی مہیند رریڈی کا خطاب
حیدرآباد 3 ڈسمبر ( این ایس ایس ) ریاست کے ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہیند رریڈی نے آج عوام پر زور دیا کہ وہ ایک سماجی ذمہ داری کے طور پر ڈرگ مافیا کا تعاقب کریں اور اسے بھگائیں۔ انہوں نے امریکہ تلنگانہ اسوسی ایشن کی جانب سے پیپلز پلازا پر منعقدہ 5K دوڑ میںحصہ لیا جو ’’ ڈرگس سے انکار کیجئے ‘‘ کے نعرہ پر منعقد کی گئی تھی ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ ڈرگس کا مسئلہ ایک سماجی برائی ہے اور اس کا اثر نہ صرف کسی فرد واحد میں یا کسی خاندان میں بلکہ سارے سماج میں دکھائی دیتا ہے ایسے میں ہر ایک کو سمجھنا چاہئے کہ یہ اس کی سماجی ذمہ داری ہے اور اسے ڈرگس کے سماج کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کرنی چاہئے ۔ مسٹر مہیندر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ ریاستی حکومت اور محکمہ پولیس کی جانب سے ڈرگس کے مسئلہ پر سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ رکن اسمبلی جی بالراجو ‘ تلگو فلم اداکاروں ترون اور پی مرلی کرشنا نے بھی اس پروگرام میں حصہ لیا ۔