منشیات کی لعنت سے نمٹنے سخت قانون ضروری : مفتی سعید

سرینگر ۔ 6 اکٹوبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر جموںو کشمیر مفتی محمد سعید نے آج محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ منشیات کی لعنت سے نمٹنے کیلئے سخت پالیسی وضع کرے ۔ نوجواں نسل کے مستقبل کو تباہ کرنے والی منشیات بڑا چیلنج بن رہی ہے اس کو موثر طریقہ سے ختم کیا جانا چاہئے ۔ انھوں نے کہاکہ حکومت نے منشیات پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات کرنا چاہتی ہے یہ لعنت سماج میں ایک کینسر کی طرح پھیل رہی ہے ۔ ہم کو اپنے نوجوانوں کی قیمتی زندگیاں اور ان کے مستقبل کو بچانا ہے ۔ تمام اضلاع کے دواخانوں میں منشیات کی لت کو ختم کرنے والے علاج کے مراکز قائم کرنے پر توجہ دی جارہی ہے ۔ جموںوکشمیر اسمبلی میں وقفہ صفر کے دوران چیف منسٹر نے کہا کہ نوجوانوں میں منشیات کا استعمال بڑھتا جارہا ہے اس سے سماج کا ہر طبقہ تشویش و فکرمندی کا شکار ہے۔ محکمہ صحت کو سخت ترین پالیسی بناکر اس پر موثر عمل آوری کو یقینی بنانا ہوگا ۔