نئی دہلی ۔ 26 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام ) منشیات کی بہ آسانی دستیابی سے ملک میں اُن کے استعمال میں اضافہ ہوتا جارہاہے ۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ سخت تعزیری قوانین کی پرواہ کئے بغیر منشیات کی لعنت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ منشیات بہ آسانی دستیاب ہوجاتی ہیں ۔ وہ مرکزی بورڈ آف ایکسائیز اینڈ کسٹمس کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ انھوں نے کہا کہ جو لوگ اس لت میں مبتلا ہوگئے ہیں انھیں منشیات کی لت چھڑانے کے لئے بڑے اور چھوٹے پیمانے پر اقدامات ضروری ہیںاور یہ اقدامات ملک گیر سطح پر ہونے چاہئے کیونکہ کروڑوں ہندوستانی عوام اس لت کا شکار ہوچکے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی جانب سے انسداد منشیات اور بردہ فروشی کا دن منایا جارہا ہے ۔ اس موقع پر وہ کہنا چاہتے ہیں کہ منشیات کے استعمال سے نہ صرف ایک فرد بلکہ بحیثیت مجموعی پورا معاشرہ متاثر ہوتا ہے ۔ اس لئے اس لعنت کے بارے میں ملک گیر سطح پر شعور کی بیداری ضروری ہے ۔ سماجی برائیاں صرف قانون کے ذریعہ ختم نہیں کی جاسکتیں ، اُن کا خاتمہ سماج کے بیشتر حصہ کی اس مہم میں شرکت کے ذریعہ ہی ممکن ہوسکتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ منشیات سرحد پار سے ہماری سرزمین پر اور ہماری سرزمین سے کرنسی نوٹ سرحد پار پھینکے جارہے ہیں ، اس لعنت کے پھیلنے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اس میں بہت زیادہ آمدنی ہے ۔ اور اسمگلنگ بہت آسان ہوگئی ہے ۔ رکاوٹیں کافی نہیں ہے ، بلکہ سماجی شعور کی بیداری ضروری ہے ۔ صرف نگرانی یا قانون سے اس مسئلہ کی یکسوئی ناممکن ہے ۔