منشیات کی اسمگلنگ کرنے والا ہندوستانی گرفتار

کھٹمنڈو ۔ 4 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک 25 سالہ ہندوستانی شہری کو مبینہ طورپر نیپال میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کی پاداش میں گرفتار کرلیا گیا ۔ نیپال پولیس نے ہندوستان کی ریاست بہار کے آراریہ ڈسٹرکٹ کے ساکن پپوشاہ کو منشیات کے ایک دیگرگرفتارشدہ اسمگلر کے ذریعہ اہم معلومات فراہم کرنے کی بنیاد پر گرفتار کرلیا ۔ پپو ہندوستان سے نشیلی ادویات لاکر نیپال کے مختلف علاقوں میں سربراہ کیا کرتا تھا۔ جس میں دارالخلافہ کھٹمنڈو بھی شامل ہے ۔ ایک دیگر واقعہ میں ناروے کے ایک شہری کو تری بھون انٹرنیشنل ایرپورٹ سے سکیورٹی چیک کے دوران اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ دوحہ کیلئے طیارہ پر سوار ہونے ہی والا تھا ۔ پولیس نے اُس کے بیاگ سے دو کیلو حشیش ضبط کی ۔

بچوں کے اسمارٹ فون استعمال پر
پابندی کا مطالبہ
لندن ۔ 4 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ میں بچوں کے اسمارٹ فون کے استعمال پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سابق سیکریٹری برائے ثقافت نے پارلیمنٹ میں تقریر کرتے ہوئے کہاکہ اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ کے استعمال سے بچوں میں منفی رجحان بڑھ رہا ہے اور جنسی حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسمارٹ فون کے استعمال پر پابندی عائد کی جانی چاہئے اور اس کیلئے عمر کا تعین کیا جائے۔اسکاٹ لینڈ میں اس پر ایک قانون بنا کر پابندی کا اقدام کیا گیا۔بچوں میں اسمارٹ فون سے فحاشی کا عنصر فروغ پارہا ہے جس کے نتیجے میں نوعمر بچوں میں جنسی حملوں کے واقعات بھی بڑھے ہیں۔ اراکین پارلیمنٹ کو بتایا گیا کہ 3 سال کے 50 فیصد بچے اور 11 برس کے 75 فیصد بچے ٹیبلیٹ کا استعمال کررہے ہیں۔