ائرپورٹ پر بوسونگھ کر پتہ چلانے والے کتوں کی خدمات کا حصول ممکن
حیدرآباد 17 جولائی ( پی ٹی آئی ) محکمہ کسٹمز کی جانب سے حیدرآباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر منشیات کا پتہ چلانے بو سونگھ کر پتہ چلانے والے کتوں کو متعین کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ ڈائرکٹوریٹ آف ریوینیو انٹلی جنس کے ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال حیدرآباد ائرپورٹ پر بو سونگھ کر پتہ چلانے والے کتوں کی خدمات حاصل نہیں ہیں۔ کسٹمز محکمہ کی جانب سے منشیات کا پتہ چلانے ان کتوں کو متعین کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ ڈی آر آئی ( حیدرآباد زونل یونٹ ) کے اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ایم کے سنگھ نے میڈیا کو یہ بات بتائی ۔ حیدرآباد زونل یونٹ میں تلنگانہ ‘ آندھرا پردیش اور اوڈیشہ ریاستوں کا احاطہ کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 2017-18 میں ڈی آر آئی کی جانب سے 127 مقدمات کا پتہ چلایا گیا اور 269 کروڑ کی ٹیکس چوری کا بھی پتہ چلایا جاسکا ۔ مختلف واقعات میں 817 کروڑ روپئے مالیتی نشیلی ادویات ضبط کی گئیں اور 61 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ 24 کیلوگرام سونے کی اسمگلنگ کے 13 مقدمات درج کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ جو سونا اسمگل کیا گیا ہے اس کی مقدار زیادہ ہے لیکن اب لوگ اس سے احتیاط کر رہے ہیں اور کم مقدار میں سونا لا رہے ہیں۔ ڈی آر آئی کے ایک اور عہدیدار نے کچھ منظز گینگس کی شناخت کی ہے جو بیرون ملک سے حیدرآباد کو سونا اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نشیلی ادویات کے 16 مقدمات درج کئے گئے ۔ اس کے علاوہ کسٹمز محکمہ نے جعلی ہندوستانی کرنسی کے بھی دو معاملات کو بے نقاب کیا ہے جن کی مالیت 10 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے ۔ یہ کارروائی وشاکھاپٹنم ریلوے اسٹیشن پر کی گئی تھی جبکہ یہ رقم مغربی بنگال میں مالڈا سے لائی جا رہی تھی ۔