منشیات کیس میں کسی سے نرمی نہیں برتی جائیگی‘ این نرسمہا ریڈی

بڑے اداکاروں سے صرف نظر کی تردید ۔ اراضی اسکام سے توجہ ہٹانے کا الزام بھی مسترد
حیدرآباد ۔ /30 جولائی (سیاست نیوز) وزیر داخلہ تلنگانہ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے واضح طور پر کہا کہ منشیات (ڈرگس) معاملتوں میں ملوث کسی بھی فرد یا شخصیت کے ساتھ کسی بھی قسم کی مروت نہیں برتی جائے گی بلکہ سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے ڈرگس کیس میں ممتاز و اہم و فلم ایکٹروں کو چھوڑدینے اور معمولی نوعیت کے ایکٹرس کو نشانہ بنانے کے الزامات کو مسترد کردیا اور بتایا کہ اس میں ہرگز کوئی سچائی نہیں ہے ۔ مسٹر نرسمہا ریڈی نے کہا کہ تحقیقات میں خاطی پائے جانے والے کسی بھی فرد یا شخصیت (خواہ وہ کسی بھی رتبہ کا حامل کیوں نہ ہو) کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا بلکہ سخت ترین کارروائی کرکے اسے مناسب سزا دلوائی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تلنگانہ منشیات معاملتوں کا مکمل انسداد کرنے سے خصوصی دلچسپی رکھتی ہے اور اس مسئلہ سے سختی سے نمٹنے سنجیدہ ہے ۔ وزیر داخلہ نے افسوس کااظہار کیا کہ محض میاں پور اراضی اسکام کو دبانے و عوام کی توجہ ہٹانے ڈرگس کیس کو اجاگر کرنے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے ۔ اس طرح کی باتوں میں کوئی سچائی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اراضی اسکام ایک علحدہ موضوع ہے اور ڈرگس معاملتوں کے واقعات ایک علحدہ واقعہ ہے ۔ اراضی اسکام کو منشیات معاملتوں سے جوڑنا ہی انتہائی غلط بات ہے ۔ وزیر داخلہ ریاست تلنگانہ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے پرزور الفاظ میں کہا کہ ریاست ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلہ میں تیز رفتار کے ساتھ ترقی دینے کیلئے چیف منسٹر مسٹر کے چندرا شیکھر راؤ اقدامات کررہے ہیں اور ان اقدامات سے عوام واقف نہیں ہیں ۔