منشیات کا استعمال اور فروخت دونوں جرم

 

چیف منسٹر پر تحقیقات پر پانی پھیردینے کا الزام ‘ پی سدھاکر ریڈی
حیدرآباد ۔ یکم اگسٹ (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل پی سدھاکر ریڈی نے منشیات استعمال کرنے والوں کو متاثرین میں شمار کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ڈرگس معاملت پر پانی پھیر دینے چیف منسٹر کے سی آر پر الزام عائد کیا۔ منشیات استعمال کرنے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی فلور لیڈر کونسل پی سدھاکر ریڈی نے کہاکہ منشیات کا استعمال کرنا، فروخت کرنا اور اس کو سربراہ کرنا بہت بڑا جرم ہے۔ اس لعنت سے سماج کو پاک کرنے کے لئے بڑے پیمانہ پر اقدامات کے بجائے چیف منسٹر دباؤ کا شکار ہوگئے ہیں یا کسی کو بچانا چاہتے ہیں۔ پہلے منشیات معاملہ میں سخت موقف اختیار کرنے والے چیف منسٹر نے دوسری فہرست میں شامل مزید اہم شخصیتوں اور ان کے بچوں کو بچانے کے لئے منظم منصوبہ بندی کے تحت منشیات استعمال کرنے والوں کو متاثرین تصور کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے اور دونوں کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پی سدھاکر ریڈی نے منشیات کیس میں اکسائز انفورسمنٹ کی جانب سے تیار کردہ دوسری فہرست کو بھی منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا۔ سدھاکر ریڈی نے چیف منسٹر سے سوال کیاکہ نشیلی اشیاء کا استعمال کرتے ہوئے پارٹیاں منظم کرنے والے کیسے متاثرین ہوسکتے ہیں۔ انھوں نے ڈرگس مافیا کو بھی دہشت گردوں کی طرح دیکھنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں۔ ڈرگس مافیا سماج میں بُرائیوں کو جنم دینے والے دشمن ہیں جو پولیس عہدیداروں کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کررہے ہیں۔ منشیات استعمال کرنے والے فلم اسٹارس اور اسکولس کی فہرست جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ کونسے بڑے ہیرو کے پب میں ڈرگس کا دھندہ چل رہا ہے اس کا بھی انکشاف کرنے پر زور دیا۔ ڈگ وجئے سنگھ کو تلنگانہ کانگریس اُمور انچارج کی ذمہ داری سے ہٹادینے پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے پی سدھاکر ریڈی نے کہاکہ یہ کانگریس پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے، کونسی ذمہ داری کس کو دی جائے اس کا پارٹی ہائی کمان کو مکمل اختیار ہے۔ ضرورت کے مطابق پارٹی میں تبدیلیاں لائی جاتی ہیں۔