ناموں کو سامنے نہ لانے محکمہ آبکاری آفیسروں پر دباؤ ڈالا جارہا ہے
حیدرآباد2اگست (سیاست نیوز) منشیات معاملہ میں تلگو فلم انڈسٹری کی کہانی کا وقفہ ہوگیا ہے ۔وقفہ کے بعد اس معاملہ کی جانچ کرنے والی خصوصی جانچ ٹیم کا کیا قدم ہوگا، اس پر تمام کی نگاہیں مرکوز ہیں کیونکہ تلگو فلم انڈسٹری کو دہلادینے والے اس منشیات کے مافیا سے متعلق جانچ تیزی سے جاری ہے اور اب تک اس فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی اہم شخصیتوں سے خصوصی جانچ ٹیم نے پوچھ تاچھ کی ہے ۔اس پوچھ تاچھ کا آغاز 19جولائی کو ہوا تھا۔بتایاجاتا ہے کہ خصوصی جانچ ٹیم منشیات معاملہ میں ملوث ٹالی ووڈ کی اہم شخصیتوں کی دوسری فہرست اندرون ایک ہفتہ جاری کرے گی۔سمجھا جاتا ہے کہ اس دوسری فہرست میں شامل افراد کے ناموں کو سامنے نہ لانے کے لئے بعض افراد محکمہ آبکاری ونشہ بندی کے افسروں پر دباو ڈال رہے ہیں۔اس معاملہ کی جانچ میں مصروف خصوصی جانچ ٹیم نے تاحال ٹالی ووڈ سے تعلق رکھنے والے اداکارو ں اور ٹکنیشنس جملہ 12افراد سے تفصیلی طور پر پوچھ تاچھ کی ہے ۔محکمہ آبکاری اس پوچھ تاچھ کے دوران حاصل اہم اطلاعات اور منشیات کے اسمگلر مائیک کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر دوسری فہرست جاری کرنے کی تیاری کررہی ہے ۔یہ بھی پتہ چلا ہے کہ خصوصی جانچ ٹیم سافٹ ویر ملازمین سے بھی پوچھ تاچھ کرے گی جو اس منشیات معاملہ میں ملوث ہیں۔یہ پوچھ تاچھ دو دن کے بعد کی جائے گی۔قبل ازیں خصوصی جانچ ٹیم نے دس آئی ٹی کمپنیوں کو نوٹس جاری کی تھی۔