منشیات فروخت کنندگان کے انکاونٹر پر حکومت سے تعاون

ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ تلگو دیشم ریونت ریڈی کی کھری کھری
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ و رکن اسمبلی ریونت ریڈی نے منشیات فروخت کرنے والوں کا انکاونٹر کرنے پر حکومت سے مکمل تعاون کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ڈرگس کے کاروبار میں چیف منسٹر کے سی آر کے ارکان خاندان کا تعاون و حصہ داری ہونے کا الزام عائد کیا ۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ منشیات کے معاملے میں چند اداروں اور شخصیتوں کو ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے ۔ تاہم ماضی میں صرف 3 پبس تھے ۔ ٹی آر ایس حکومت نے منظوریاں دیتے ہوئے پبس کی تعداد کو 57 تک پہونچا دیا ہے ۔ پب کلچر کو فروغ دینے میں ٹی آر ایس حکومت نے سرگرم رول ادا کیا ہے ۔ جو آج نشیلی اشیاء فروخت کرنے کے سنٹرس میں تبدیل ہوگئے ہیں ۔ ملک بھر میں بالخصوص ممبئی اور گوا میں میوزیکل نائٹس کو منسوخ کردیا گیا ۔ مگر حیدرآباد میں اس کی بڑے پیمانے پر منظوریاں دی جارہی ہیں جس سے سماج میں برائیاں جنم لے رہی ہیں اور نوجوان نسل کا مستقبل تاریکی میں ڈوبتا جارہا ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کا ارکان خاندان منشیات فروخت کے کاروبار میں ملوث ہے جس کی وجہ سے کے سی آر کو چیف منسٹر کے عہدے پر برقرار رہنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے ۔ ریاست کے تمام اسکامس ، بدعنوانیاں اور بے قاعدگیوں میں چیف منسٹر کے ارکان خاندان کا تعاون ضرور ہے ۔ ریونت ریڈی نے نام لیے بغیر کہا کہ ایونٹ منیجر کا والہانہ خیر مقدم کرنے والے اس پولیس عہدیدار کو بیچ روڈ پر گولی مار دینے کا مطالبہ کیا ۔۔