منشیات ریاکٹ ‘ تلگو اداکار تنیش سے آج پوچھ تاچھ

 

حیدرآباد 30 جولائی ( پی ٹی آئی ) ریاست میں سنسنی پیدا کردینے والے منشیات ریاکٹ میں معروف تلگو فلم اداکار تنیش الاڈی سے امکان ہے کہ محکمہ اکسائز کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کل پوچھ تاچھ کریگی ۔ ایس آئی ٹی کی جانب سے اس ریاکٹ کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے ۔ ایس آئی ٹی نے اس کیس کے سلسلہ میں 12 فلمی شخصیتوں کی شناخت کی ہے جن سے منشیات ریاکٹ کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کی جانی ہے ۔ ان میں تنیش الاڈی بھی شامل ہیں۔ محکمہ اکسائز کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ تنیش الاڈی سے کل 31 جولائی پیر کو پوچھ تاچھ کی جائے گی ۔ ایس آئی ٹی کے عملہ نے کل سرینواس راؤ سے پوچھ تاچھ کی تھی جو ایک وقت میں معروف تلگو اداکار روی تیجا کا ڈرائیور رہ چکا ہے ۔ روی تیجا سے بھی محکمہ نے 28 جولائی کو پوچھ تاچھ کی تھی ۔ ایس آئی ٹی کی جانب سے اس کیس کی تحقیقات کے دوران کئی فلمی شخصیتوں کے نام سامنے آئے تھے ۔ اس کیس کا پردہ فاش 2 جولائی کو ہوا تھا ۔ 19 جولائی کے بعد سے ایس آئی ٹی نے فلم ساز پوری جگناتھ ‘ سنیماٹو گرافر شیام کے نائیڈو کے علاوہ اداکاروں پی سبا راجو ‘ ترون کمار ‘ پی نودیپ اور روی تیجا سے پوچھ تاچھ کی ہے ۔ اس کے علاوہ آرٹ ڈائرکٹر دھرما راؤ عرف چنا اور اداکارہ چرمی کور اور ممیت خان سے بھی ایس آئی ٹی کا عملہ سوالات کرچکا ہے ۔ اب تک محکمہ اکسائز کے عہدیداروں نے اس کیس میں 20 افرادکو گرفتار کیا ہے جن میں ایک امریکی شہری ڈنڈو انیش بھی شامل ہے ۔ وہ سابق ایرو اسپیش انجینئر ہے جو ناسا کے ساتھ کام کرچکا ہے ۔ گرفتار شدگان میں ہالینڈ کا ایک شہری مائیک کمنگا اور بی ٹیک کی ڈگری رکھنے والے سات نوجوان بھی شامل ہیں جو ملٹی نیشنل کمپنیوں میں کام کرتے تھے ۔ تحقیق کنندگان کو شبہ ہے کہ منشیات گینگ کے گاہکوں میں تقریبا 1,000 افراد شامل ہیں جن میں کئی کالجس اور اسکولس کے طلبا ‘ تلگو فلمی صنعت سے وابستہ افراد اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ملازمین کے علاوہ سائبر آباد کی آئی ٹی کمپنیوں کے ملازمین بھی شامل ہیں۔ ایک سینئر عہدیدار کے بموجب تحقیقات کے دوران یہ تکلیف دہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ کئی اسکولی اور کالجس کے طلبا بھی منشیات کا استعمال کرنے لگے ہیں۔ وزیر اکسائز ٹی پدما راؤ گوڑ نے قبل ازیں کہا تھا کہ ان کی وزارت کی جانب سے جملہ 13 آئی ٹی کمپنیوں کو نوٹس جاری کی گئی ہے ۔