منشیات اور پب کلچر پر نظر رکھنے پولیس کی نئی حکمت

پولیس کے اقدامات پر سیاسی دباؤ ، 28 پبس کے خلاف کارروائی
حیدرآباد /25 جولائی ( سیاست نیوز ) شہر میں بڑھتے جرائم کے رحجان اور منشیات کے چلن پر قابو پانے کیلئے اب پولیس نے نئی حکمت عملی تیار کی ہے اور وجوہات پر توجہ دیتے ہوئے پب کلچر پر رہتی نظریں مرکوز کی ہے ۔ حیدرآباد میں بڑھتے پب کلچر کے سبب نوجوان نسل میں مئے نوشی اور منشیات کے استعمال میں اضافہ ہوچکا ہے جو جرائم میں ا ضافہ کا سبب بن گیا ہے ۔ حالانکہ پولیس کے اقدامات اور نئی پالیسیوں کے سبب منظم جرائم میں کمی واقع ہوئی ہے اور جرائم پیشہ افراد بھی قابو میں ہوں لیکن جرائم کا تناسب کم ہی نہیں ہوتا گریٹر حیدرآباد کے حدود پر محیط تینوں کمشنریٹ میں پولیس کی لاکھ ہدایت اور پابندیوں کے باوجود پب رات بھر غیر قانونی طور پر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے ۔ شہر کے پاش علاقوں بنجارہ ہلز جوبلی ہلز جو وی آئی پی علاقہ تصور کئے جاتے ہیں ۔ اس کے علاوہ مادھاپور ، گچی باؤلی ، آئی ٹی علاقوں میں شہر کے نواحی علاقوں میں بھی پب رات بھر کھلے رہتے ہیں ۔ پولیس نے عوام کی جانب سے مسلسل شکایتوں اور تنقیدوں کو دیکھتے ہوئے پبس کو کنٹرول کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور خصوصی مہم کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کا آغاز بھی کر دیا ہے ۔ پولیس کو اس خصوصی مہم کے تحت جوبلی ہلز کے علاقہ میں دو پبس کے خلاف کارروائی بھی انجام دی جاچکی ہے ۔ یہ پبس روڈ نمبر 36 پر واقع ہے ۔ تاہم ان پبس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ خود پولیس کیلئے مشکلات کا سبب بنا ہوا ہے ۔ چونکہ پبس کے مالکین میں اکثریت سیاسی اثر و رسوخات رکھنے والے اور راست سیاسی قائدین کے پائے جاتے ہیں جن کے خلاف کارروائی میں پولیس کیلئے روکاوٹیں حائل ہوسکتی ہیں اور اس بات کے بھی خدشات ہیں کہ اکثر سیاسی قائدین کے دباؤ کی آڑ میں پولیس بھی مبینہ طور پر اپنی چاندی بنانے کیلئے کارروائی سے گریز کرسکتی ہے ۔ پبس میں رات بھر نوجوان نسل کو شراب سربراہ کی جارہی ہے اور اس ماحول اور پولیس کی عدم دلچسپی و عدم چوکسی کو دیکھتے ہوئے منشیات مافیا کو انجام دے رہا ہے ان پبس میں اکثر اہم شخصیتوں دولت مند اور سیاسی گھرانوں کے خاندانوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور فلمی دنیا کی مشہور ہستیاں بھی شامل ہیں ۔ اب ایسی صورت میں پولیس کے ان اقدامات کی عمل آوری بھی مشکوک ثابت ہو رہی ہے ۔ پولیس کا ماننا ہے کہ منشیات مافیا ان راستوں سے اپنے ناپاک عزائم کو عمل میں لارہا ہے اور شہر میں منشیات کا جال پھیلارہے ہیں ۔ پولیس نے پب کلچر کو کنٹرول کرنے کیلئے پروبیشن اور ایکسائز پالیسی کو بھی اپنی مہم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے ساتھ مقررہ اوقات کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کئے جائیں گے اور اس کے ساتھ ہی پبس سے نکلنے والوں پر نظر رکھتے ہوئے ڈرنک اینڈ ڈرائیو کے تحت کارروائی بھی کی جائے گی ۔ پولیس نے جوبلی ہلز پبس کے خلاف کارروائی سے مہم کا آغاز کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق صرف جوبلی ہلز کے علاقہ روڈ نمبر 36 پر 28 پبس پائے جاتے ہیں جاریہ ماہ کے دوسرے ہفتہ میں پہلا ایف آئی آر درج کرلیا گیا ہے ۔ ان پبس میں اکثر رات کے اوقات آئی ٹی شعبہ سے وابستہ افراد کی آمد ہوتی ہے جو ہفتہ میں 5 دن کام کے بعد اکثر ہفتہ اور اتوار کے دن ان پبس برادر اکثر ہر دن مصروف رہتے ہیں تاکہ اس خصوصی مہم کے بہتر نتائج برآمد ہونے کی امید بتائی جارہی ہے ۔