منشور کیلئے ایک ماہ تک تجاویز حاصل کرنے بی جے پی کا فیصلہ

نئی دہلی 2 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کی جانب سے اتوار سے ایک ماہ طویل مہم شروع کی جائیگی تاکہ ملک بھر کے جملہ 10 کروڑ افراد سے اپنے منشور کے سلسہ میں تجاویز حاصل کی جاسکیں۔ یہ منشور آئندہ لوک سبھا انتخابات کیئلے تیار ہونے والا ہے ۔ پارٹی کے میڈیا ہیڈ و رکن راجیہ سبھا انیل بالونی نے اپنے بیان میں کہا کہ بی جے پی صدر امیت شاہ اور سینئر لیڈر راج ناتھ سنگھ اس پروگرام کی اتوار کو شروعات کرینگے ۔ راج ناتھ سنگھ انتخابی منشور کمیٹی کے سربراہ ہیں۔ اس عمل کو بھارت کے من کی بات مودی کے ساتھ کا نام دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس یقین کے ساتھ یہ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے کہ ملک کے مستقبل کا تعین کرنے میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں عوام کو شراکت دار بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام تک پہونچنے کے مختلف طریقہ اختیار کرتے ہوئے ان کی رائے حاصل کی جائے گی ۔اس طرح سے عوام کی خواہشات کو منشور میں زیادہ جگہ مل سکے گی ۔