عام آدمی پارٹی ہر گاؤں جاکر مسائل سمجھے گی، پنجاب میں کجریوال کا بیان
سنگرور ، 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب کو اپنے پانچ روزہ دورہ کی شروعات کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی لیڈر اروند کجریوال نے آج اپنے سیاسی حریفوں کو سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دیگر پارٹیاں اپنے منشور ایرکنڈیشنڈ رومس میں بیٹھ کر بناتی ہیں جبکہ اُن کی پارٹی کا کیڈر ہر گاؤں اور ہر مکان پہنچ کر اُن کے مسائل کو سمجھے گا۔ چیف منسٹر دہلی نے سنگرور کو دورہ کے ساتھ اس ٹور کی شروعات کی اور کہا کہ وہ ان کسانوں کے خاندانوں سے ملاقات کریں گے جنھوں نے خودکشی کرلی اور جو ڈرگ مسئلے سے متاثر ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں دیہاتوں کا دورہ کرتے ہوئے عام لوگوں سے ملاقات کروں گا۔ انھوں نے کہا کہ میں ڈرگ مسئلے سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کروں گا۔ عام آدمی پارٹی ان کے مسائل سمجھنے کی کوشش کرے گی۔ ہماری پارٹی کا فلسفہ یہ ہے کہ ہم لوگوں سے ملتے ہیں، ان کے مسائل سنتے ہیں اور حل ڈھونڈتے ہیں۔ کجریوال کے ہمراہ دیگر پارٹی قائدین بشمول پنجاب کے پارٹی کنوینر سُچا سنگھ چھوٹیپور، بھگونت مان ایم پی بھی ہیں۔ ایک پارٹی ترجمان نے کہا کہ چیف منسٹر دہلی ضلع بھٹنڈہ کا دورہ بھی کرنے والے ہیں۔ دریں اثناء بھٹنڈہ میں ایسے پوسٹرز سامنے آئے جن کے ذریعے کجریوال کی کارکردگی پر سوال اٹھایا گیا ہے۔